مزید خبریں

مٹیاری : بھاچہ اور شیخ برادری میں جھگڑا ، ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

مٹیاری (نمائندہ جسارت) ہالا میں معمولی بات پر بھاچہ اور شیخ برادریوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں صائم میمن، اللہ بچایو میمن، راشد شیخ اور گل منیر میمن شامل ہیں۔ ہالا کے سرکاری اسپتال سے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد 3 افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر حیدرآباد ریفر کر دیا گیا، بھاچہ برادری اور شیخ برادری کے 2 فریقین کے درمیان فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان اللہ بچایو میمن حیدرآباد کے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ قتل ہونے والے اللہ بچایو میمن کے قتل میں مطلوب ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف اہل خانہ نے قومی شاہراہ پر نوجوان کی لاش سمیت دھرنا دے دیا، ڈی ایس پی ہالا وسیم ممتاز کلوڑ، ایس ایچ او علی محمد بجیر، ایس ایچ او بھٹ شاہ امجد چانڈیو اپنے عملے اور پولیس کی بھاری نفری نیشنل ہائی وے پر احتجاجی مقام پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام نے متوفی کے لواحقین سے سڑک کھولنے کی منت سماجت کی، متوفی کے لواحقین اور شہریوں نے کہا کہ جب تک پولیس ملزمان کی گرفتاری اور نااہل ایس ایچ او ہالا کو نہیں ہٹاتی، لاش سڑک سے نہیں اُٹھائیں گے۔ بعد ازاں اے سی ہالا اور ڈی ایس پی ہالا نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے دھرنا ختم کرایا۔