مزید خبریں

وزیر اطلاعات و نشریات کا کراچی پریس کلب کیلیے10 لاکھ روپے کا چیک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے گورنر ہائوس کراچی میں کراچی پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پرصحافیوں، میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ میڈیا جمہوریت کے چوتھے ستون کا کردار ادا کر رہا ہے،آزاد اور خودمختار میڈیا کی حمایت کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر میڈیا ہائوسز اور اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کے لیے اقدامات اٹھائے،جلد کراچی پریس کلب کا دورہ کر کے صحافیوں سے تفصیلی ملاقات کروں گا۔اس دوران کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور جنرل سیکریٹری شعیب خان نے وفاقی وزیر اطلاعات کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔جس پروفاقی وزیر اطلاعات نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔اس مو قع پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اور جنرل سیکریٹری شعیب خان کو کراچی پریس کلب کے لیے10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔علاوہ ازیںوزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ اس نے ہمیشہ میڈیا اورصحافیوں کی آزادی کے لئے کام کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے ہیں اور صوبہ سندھ بھی پاکستان میں ہے اس لئے اگر وہ کراچی آئے ہیں تو ان کا اپنا صوبہ ہے اور ہماری خواہش ہے کہ انہیں کراچی آتے رہنا چاہیے۔ امن و امان کا اشیو خالص صوبائی معاملہ ہے اور سندھ حکومت کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ پیپلز پارٹی کا کوئی عہدیدار یا ذمہ دار اگر کسی جرائم میں ملوث ہوا تو پیپلز پارٹی یا سندھ حکومت ہرگز اس کے ساتھ نہیں دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے ساتھ اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں صدر کراچی پریس کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، نائب صدر رشید میمن، جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، ارکان گورننگ باڈی نواب قریشی، شازیہ حسن، شعیب احمد، شمس کیریو، رانا جاوید، نورمحمد کلہوڑو، سابق صدر امتیاز فاران، سابق سیکریٹری مقصود یوسفی، ایچ ایم خانزادہ و دیگر نے صوبائی وزیر کی پریس کلب آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سندھ کی روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے اور ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے اس موقع پر کہا کہ سعید غنی کراچی پریس کلب کی فیملی کاحصہ رہے ہیں۔ سعید غنی اور پیپلزپارٹی حکومت نے ہمیشہ کلب کوسپورٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی پریس کلب کی گرانٹ میں بھی اضافے کی یقین دہانی کروائی ہے اور ساتھ ہی صحافیوں کی کالونی کے مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ سعید سربازی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ممبران کو ایل ڈی اے میں ملنے والے پلاٹس پر پھر بھی کام ہورہا ہے لیکن ایم ڈی اے افسران تبدیل ہوتے رہتے ہیں اس لئے ہمیں کوئیریسپانس نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں ایل ڈی اے کی طرز پر ارکان کے 20 اور سندھ حکومت کے 80 فیصد کے فارمولے پر تاحال کوئی کام نہیں ہورہا ہے اس لئے ہماری آپ سے استدعا ہے کہ اس معاملہ کو فوری حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 700 نئے ممبران کے پلاٹس کی سمری بھی منظور کروائی گئی ہے اور اس کے لئے زمین بھی مختص کروائی گئی ہے اب صوبائی حکومت اس پر بھی اقدامات کرے اور نئے 700ممبران کے پلاٹس کا مسئلہ حل کیا جایے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ان شا اللہ میری اولین ترجیح ہوگی کہ آپ نے جن جن مسائل اور بالخصوص 700 نئے ممبران کے لیے پلاٹس پر جلد ہی کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی گرانٹ ہو یا دیگرمسائل اس سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔