مزید خبریں

امریکا نے فلسطین کی مستقل رکنیت کی قرار داد ویٹو کردی ،ہمارے حق پر ڈاکا ڈالا،حماس

اقوام متحدہ /نیویارک/ریاض (خبر ایجنسیاں+ مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے ایک بار پھر اسرائیل کا ساتھ دیتے ہوئے فلسطین کی اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت کی قرارداد کو ویٹو کر دیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کی مستقل رکنیت کے لیے الجزائر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کی، قرارداد کے حق میں 12 ووٹ پڑے جبکہ مخالفت میں ایک ووٹ آیا، سوئٹزر لینڈ اور برطانیہ نے ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا۔امریکا نے فلسطین کی اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت کی مخالفت کی اور سلامتی کونسل میں پیش ہونے والی قرارداد کو ویٹو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کا فیصلہ اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی نے کرنا ہے اقوام متحدہ نے نہیں۔اسرائیل کے وزیر خارجہ نے قرارداد ویٹو کرنے پر امریکا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں شرمناک تجویز مسترد کر دی گئی۔دوسری جانب فلسطینی ایوان صدر نے امریکی ویٹو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کا درخواست ویٹو کرنے کا اقدام غیر منصفانہ اور غیر اخلاقی ہے، امریکی اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔دریں اثناسعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کی مکمل رکنیت کو تسلیم کرنے کی قرارداد کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کی مکمل رکنیت کو قبول کرنے میں رکاوٹیں اسرائیلی قابض ریاست کی مداخلت اور اس کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کو بغیر کسی روک ٹوک کے جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح کی قراردادوں کی ناکامی سے امن کے حصول میں مزید مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں فلسطینی شہریوں پر قابض اسرائیل کے حملوں کو روکنے، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور1967ء کی سرحدوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کی ذمے داری قبول کرے۔