مزید خبریں

منگولی ڈپٹی سفیر کا پاکستان کیساتھ تجارتی وفود کے تبادلے پر زور

کراچی(کامرس رپورٹر) منگولیا کے سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ایلخانا جا مونختوشگ (Lkhanaajav Munkhtushig ) نے پاکستان اور منگولیا کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے کے ذریعے کراچی کی تاجر برادری کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور مشترکہ طور پر تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کی نئی راہیں تلاش کر سکیں۔ گزشتہ سال منگولیا کے ساتھ پاکستان کی تجارت 62 فیصد اضافے سے 4.8 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جو کہ بہت کم ہے لہٰذا دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے دونوں جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ویسے تو منگولیا کی زیادہ تر درآمدات چین سے ہیں تاہم پاکستان کی تاجر برادارزاں نرخوں پر مصنوعات فراہم کر کے منگولیا کو برآمدات بڑھانے کے امکانات پر غور کر سکتی ہے اسی لیے ہم یہاں ایسی مصنوعات کی نشاندہی کرنے کے لیے آئے ہیں جو منگولیا کو برآمد کی جا سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں منگولیا کے اعزازی قونصل جنرل ندیم خالد، کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر الطاف اے غفار، نائب صدر تنویر احمد باری اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔منگولین ڈپٹی سفیر نے نشاندہی کی کہ اگرچہ منگولیا ایک چھوٹا ملک ہے جس کی آبادی صرف 3.5 ملین ہے لیکن اس نے 5.6 فیصد کی مضبوط اقتصادی ترقی حاصل کی جو کہ ورلڈ بینک کے مطابق اس سال مزید بہتر ہو کر 6.2 فیصد رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ سال منگولیا کی مجموعی تجارت 24 ارب ڈالر رہی جس میں15 ارب ڈالر کی برآمدات ہیں جبکہ 9 ارب ڈالر کی اشیا درآمد کی گئیں۔