مزید خبریں

عدالت عظمیٰ: پی بی 51 پر 21 اپریل کو دوبارہ پولنگ کا حکم معطل

اسلام آباد(صباح نیوز)عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے پی بی 51 چمن، بلوچستان کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر 21 اپریل کو دوبارہ پولنگ کروانے کا حکم معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پاکستان، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 23 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت عظمیٰ کے سینئر جج جسٹس محمد علی مظہر
کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اصغر خان اچکزئی کی جانب سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ 21 اپریل کو 12 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ نہیں ہوگی اور الیکشن کمیشن 10روز بعد نئی تاریخ کااعلان کرے گا۔ جسٹس محمد علی مظہرنے ریمارکس دیے ہیں کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر نظرثانی بھی کرسکتا ہے۔ درخواست میں پی بی 51 چمن میں 12 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے 21 اپریل کو پولنگ کروانے کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا اور عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ مزید 11 پولنگ اسٹیشنز پر بھی پولنگ کاحکم دیا جائے۔