مزید خبریں

یورو بانڈز کی ادائیگی بہتر اقدام ہے، راولپنڈی چیمبر

راولپنڈی (کامرس ڈیسک) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے کہا ہے کہ ایک ارب ڈالر کے انٹرنیشنل یورو بانڈز کی ادائیگی سے مالیاتی اداروں کا اعتماد بڑھے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ادائیگی سے پاکستان کی معیشت پر بیرونی سرمایہ کاروں، آئی ایم ایف اور عالمی بینک جیسے مالیاتی اداروں کا اعتماد اور بھروسہ نہ صرف بڑھے گا بلکہ معاشی استحکا م کی جانب اہم پیش رفت بھی ہے، ادائیگی کے باوجود روپے پر دبائو نہیں آیا اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔ثاقب رفیق نے کہا کہ ہمارا حکومت سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ معاشی پالیسی سازی میں چیمبر آف کامرس کو شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو ٹھوس سطح پر مستحکم بنانے کے لئے ضرور ی ہے کہ غیر ضروری اخراجات کم کیے جائیں، انڈسٹریلائزیشن پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ ملکی معیشت خود اپنے پائوں پر کھڑی ہو اور بیرونی مالیاتی اداروں پر انحصار کم سے کم ہو۔