مزید خبریں

سعودی وفد کے دورے سے سرمایہ کاری کوفروغ ملے گا

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیف پیٹرن ایس ایم تنویر،صدر زبیر طفیل،چیئرمین (سندھ زون) خالد تواب،سیکریٹری جنرل(سندھ) حنیف گوہر،کورکمیٹی ممبر مظہر علی ناصر اور دیگررہنماؤں نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود کی قیادت میں سعودی وفد کے پاکستان کے جاری دورے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان کی معیشت کو فروغ دے گا بلکہ دوسرے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی ملک میں مواقع تلاش کرنے کی طرف راغب کرے گا۔یوبی جی رہنماؤں نے کہا کہ اس دورے سے باضابطہ معاشی عمل شروع ہونے کی توقع ہے، خاص طور پر برآمدی شعبے میں، جو کہ غیر ملکی ذخائر کو تقویت دینے اور قومی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے نجی شعبے زراعت، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، فارما سیوٹیکل،موبائل ٹیکنالوجی،کھیلوں کا سامان، معدنیات، اور ریکوڈک پروجیکٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے تیار ہیں، توقع ہے کہ مواقعوں کے اس وسیع میدان سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کی رفتار میں مدد ملے گی۔یو بی جی قائدین نے کہا کہ سعودی عرب کی 5 بلین ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری اہمیت کی حامل ہے جو نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے گی بلکہ پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو بھی فروغ ملے گا۔