مزید خبریں

عالمی مسلم لیڈر شپ ملت اسلامیہ کی دیرینہ امنگ “اتحاد امت “کو پورا کرے ،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جارحیت، جنگی جرائم اور تمام عالمی کنونشنز کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو ایسا جواب دیا ہے کہ اسرائیل حواس باختہ ہوگیا اور امریکا، برطانیہ بھی اسرائیل کی پشت پناہی جاری رکھنے پر تذبذبت کا شکار ہوگئے ہیں۔مسلم لیڈرشپ ماضی کی تمام غلطیوں کا ادراک کرے اور ملت اسلامیہ کی دیرینہ امنگ’’ اتحادِ اُمت‘‘ کو پورا کرے۔ عالم اسلام کی عزت، وقار اور خودداری بھی بحال ہوگی اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم و ستم کی طویل سیاہ رات کا خاتمہ بھی ہوگا۔ غزہ میں 35 ہزار بے گناہ شہدا کی پکار ہے کہ اُمت متحد ہوجائے۔ مسلم اُمہ کے خلاف طویل عرصے سے جاری استعماری قوتوں، صہیونی درندوں اور فاشسٹ مودی کے ظلم ودرندگی کے خاتمے کے لیے عالم اسلام کے اتحاد بننے کے سنہرے موقع کو ضائع نہ کیا جائے۔ امریکا، یورپ میں اسلاموفوبیا میں مبتلا اسلام دشمن قوتیں اُمت مسلمہ کو سُنی شیعہ میں تقسیم کرنے کے مکروہ اور قبیح حربے استعمال کریں گی۔لیاقت بلوچ نے پھالیہ، منڈی بہاؤالدین کے بلوچستان میں دہشت گردانہ حملے میں قتل ہونے والے افراد کی تعزیت کی۔ امیر صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر ضلع گجرات انصر محمود چودھری اور منڈی بہاؤالدین کے قائدین سید اعجاز خیالی، میاں عبدالرؤف اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اِس موقع پر قائدین نے اظہار کیا کہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ظالمانہ، ہوشربا اور متوسط طبقے کے لیے جان لیوا اضافہ مہنگائی کا نیا سونامی لائے گا۔ بجلی، گیس اور پانی کے بلوں میں خوفناک اضافہ پہلے ہی عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے، نیا اضافہ عوام سے جینے کی تگ و دو اور محنت کی سکت بھی چھین لے گا۔ پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اتحادی حکومت اور نگراں حکومت کی آئی ایم ایف کی غلامی میں جاری معاشی دہشت گردی اور تباہی کی لہر کو میاں شہباز شریف کی سربراہی میں موجودہ حکومت نے تیزتر کردیا ہے۔ پی پی پی اور ن لیگ نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے مہنگائی، بجلی، گیس، پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے وعدے کیے، لیکن اقتدار ملنے کے بعد غریب عوام کی گردنوں پر پہلے سے زیادہ تیزی کے ساتھ چھری چلانی شروع کردی ہے۔ جماعت اسلامی عوام کو تنہا اور لاوارث نہیں چھوڑے گی، عوام کے مسائل کے حل کے لیے ملک گیر جدوجہد کی جائے گی۔ جماعت اسلامی ہی غریب عوام اور متوسط سفید پوش طبقے کی نمائندہ جماعت ہے۔لیاقت بلوچ نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں سے بھاری جانی و مالی نقصان پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور این ڈی ایم اے ہر دفعہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کے راگ الاپتی ہے، لیکن بارشوں اور سیلاب کے بعد اِن کے یہ سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مویشی، املاک اور مکانات سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں، غریب عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ وزیر اعظم زبانی جمع خرچ کے بجائے متاثرین کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کی انکوائری کا نتیجہ وہی آیا ہے جس کا عوام کو پختہ یقین تھا۔ بہاولنگر واقعے کی انکوائری رپورٹ کا نتیجہ بھی اِس سے مختلف نہیں ہوگا۔ ملک کو آئین، قانون اور آزاد بااختیار عدلیہ کے ذریعے ہی بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے اور اِسی سے سِول حکمرانی قائم ہوگی۔