مزید خبریں

حکومت ثقافتی ورثوں کے تحفظ کیلیے کوشاں ہے ،وزیر ثقافت

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے تاریخی ثقافتی ورثے سندھ کی پہچان ہیں اور حکومت سندھ ثقافتی ورثوں کو محفوظ بنانے اور ان کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل ہال، بینظیر بھٹو شہید گلستان بلدیہ پارک، گورنمنٹ شہید بینظیر بھٹو گرلز ہائر سیکنڈری اسکول، اجرک کلب میں لائبریری اور دیگر شعبہ جات کا دورہ اور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے کہ سندھ میں موجود ثقافتی ورثوں کو محفوظ بنانے اور سیاحت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر کے سندھ کی قدیمی ثقافت و سیاحت کو روشناس کروا سکوں،سندھ میں ثقافت و سیاحت کے شعبے پر مزید بہت کام کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت سندھ اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میرپورخاص کا شمار سندھ کے تاریخی شہروں میں ہوتا ہے اور یہاں پر بھی بہت سارے ثقافتی ورثے موجود ہیں جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ کرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ ان ثقافتی ورثوں کا ازخود جائزہ لوں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ثقافت کی جانب سے اجرک کلب اور لائبریری سے یہاں کے مقامی نوجوان علم کے نور سے منور ہو رہے ہیں جو یہاں کے باسیوں کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر پریس کلب پہنچے جہاں انہوں نے پریس کلب کے صدر نذیر احمد پنہور اور دیگر صحافیوں سے ملاقات کی، اس دوران سندھ میں موجود ثقافتی ورثوں کو محفوظ بنانے اور سیاحت کے فروغ کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو پریم چند اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔