مزید خبریں

کوٹری کے رہائشیوں کا رکشہ ڈرائیور کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کوٹری کے علاقے خورشید کالونی کے رہائشیوں نے نوجوان رکشہ ڈرائیور کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حیدرآباد پریس کلب پر مقتول کے بھائی ساجد پھلپوٹو کی قیادت میں احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بھائی محمد عمران رکشہ چلاتا تھا اور گزشتہ 3 مارچ کو حیدرآباد کے گدو چوک حسین آباد میں واقع رکشہ اسٹاپ سے انور عرف راجا ماچھی ،وزیر ماچھی، وکیل عرف وقار ماچھی اور ایک نقاب پوش خاتون اس کے رکشہ میں سوار ہو کر کھتڑ گئے جس کے بعد رات دیر سے سیری پولیس نے فون کر کے ہمیں بتایا کہ عمران ولد عثمان پھلپوٹو کی لاش ملاکاتیار روڈ سے ملی ہے جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان نے بھائی محمد عمران کو کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کیا اور رکشہ بھی چھین کر اپنے ساتھ لے گئے، مذکورہ قتل کیس متعلقہ تھانہ پر درج کرایا گیا لیکن پولیس نے صرف ایک ملزم انور عرف راجا ماچھی کو گرفتار کیا جبکہ قتل کے اہم ملزم وکیل عرف وقار ماچھی اور وزیر ماچھی کو پولیس نے اب تک گرفتار نہیں کیا ہے، ملزمان ہمیں کیس سے دستبردار نہ ہونے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ پولیس رشوت کے عوض بھائی کا قتل کیس خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔