مزید خبریں

ماسکو حملے کے بعد سے لاپتا 95 افراد کی تلاش جاری

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی دارالحکومت ماسکو کے سٹی ہال میں فائرنگ کے واقعے کے بعد 95 لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ روسی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ شہریوں کی جانب سے اپنے رشتہ داروں کے لاپتا ہونے کی جو درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں ، ان کی رو سے 95 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔ اس فہرست میں وہ نام شامل ہیں جن تک ان کے رشتہ داروں کی دہشت گردوں کے حملے کے بعد اب تک رسائی نہیں ہوئی جبکہ ان کے نام زخمیوں یا ہلاک افراد کی فہرست میں نہیں ہیں۔ واقعے میں ہلاک ہونے والے چند افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ روسی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ 4 شوٹرز نے آٹومیٹک ہتھیار کلاشنکوف کا استعمال کرتے ہوئے حملہ کیا اور جائے وقوع پر 500 سے زائد خول ملے ہیں۔یاد رہے کہ ماسکو میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے وقت موسیقی کے پروگرام میں 6 ہزار 200 افراد موجود تھے اور عمارت کی چھت گرنے سے قبل وہاں 200 سے زائد افراد موجود تھے۔ماسکو حملے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شہریوں کی جانب سے اب تک ہلاک افراد کی تعداد کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور جانی نقصان کی مصدقہ اور حتمی فہرست کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ وہ مسلسل حکام سے رابطہ کرکے اپنے پیاروں کے نام لے کر پوچھ رہے ہیں۔