مزید خبریں

شام: بشارالاسد کے حامیوں پر امریکی پابندیاں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی محکمہ خزانہ نے اسد ی حکومت کی مدد کے لیے غیر قانونی مالی منتقلی اور منشیات کی اسمگلنگ پر 11 افراد اور کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی۔ان میں سے کئی افراد انتہائی نشہ آور دوا ایمفیٹامین کیپٹاگون کی تجارت میں ملوث تھے۔محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ کیپٹاگون کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدن اسد ی حکومت، شامی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے آمد ن کا ایک بڑا ذریعہ بن گئی ہے۔ محکمہ خزانہ نے 11 افراد اور کمپنیوں پر پابندی عائد کی جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ صدر بشار الاسد کی حکومت کی مالی امداد میں ملوث تھے۔ وہ منشیات کوپورے مشرق وسطیٰ اور یورپ میں اسمگل کررہے تھے۔ جن افراد اور اداروں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ایک شامی شہری بھی شامل ہے جس کا نام طاہر الکیالی ہے اور وہ مبینہ طور پر ایک کمپنی چلاتا ہے جس نے کیپٹاگون اور چرس اسمگل کرنے کے لیے بحری جہاز خریدے تھے۔ شام میں قائم ایک اور فرم مایا ایکسچینج کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے شامی حکومت کو فائدہ پہنچانے کے لیے لاکھوں ڈالر کے غیر قانونی لین دین کی سہولت فراہم کی۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اسدی حکومت پابندیوں سے بچنے اور اپنے ہی شہریوں کے خلاف جبر کی مہم کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف قسم کے حربے استعمال کر رہی ہے۔