مزید خبریں

فلائی جناح کاشارجہ اور لاہور کے درمیان پرواز کا افتتاح

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستا ن کی سستی ترین ایئر لائن فلائی جناح نے متحدہ عرب امارات میں شارجہ اور لاہور کے درمیان دوسری بین الاقوامی پرواز کا افتتاح کردیا ہے ۔فضائی کمپنی نے لاہو رکے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نئے روٹ کے آغاز کے سلسلے میںروانگی سے قبل تقریب کا انعقاد کیا ،جبکہ افتتاحی پرواز کے مسافروں کا شارجہ پہنچنے پر بھی پرتپاک استقبال کیا گیا ۔دوسرے بین الاقوامی روٹ کے آغاز پر فلائی جناح کے ترجمان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے افتتاحی پرواز کے ساتھ اپنے بین الاقوامی آپریشنز کے آغاز کے محض ایک ماہ کے بعد ہم لاہور سے شارجہ کیلئے اپنے دوسرے بین الاقوامی روٹ کا افتتاح کررہے ہیں۔یہ اقدام نہ صرف پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فضائی رابطے کو مضبو ط بنانے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے بلکہ یہ فلائی جناح کے اپنے مسافروں کو ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سفر کیلئے سستے ذرائع فراہم کرنے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے ۔ ‘‘فلائی جناح اس وقت پاکستان میں اپنے پانچ جدید ایئر بس A320طیاروںپر مشتمل فضائی بیڑے کے ساتھ کراچی،لاہور ،اسلام آباد ،پشاور اور کوئٹہ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور لاہور سے شارجہ کیلئے بین الاقوامی پروازیں چلا رہی ہے۔