مزید خبریں

غیر معیاری کھادفروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)صوبائی سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو نے کہا ہے کہ غیر معیاری کیمیائی کھاد اور زرعی بیج کے فروخت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائیگا اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی جبکہ زرعی پیداوار کم ہونے کا اہم سبب غیر معیاری زرعی مصنوعات کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو زراعت کے متعلق آگاہی کا نہ ہونا بھی ہے – ان خیالات کااظہار انہوں نے آج زرعی توسیع عملے سے تعارفی اجلاس کے دوران کیا – انہوں نے کہا کہ زرعی توسیع محکمے کو اور زیادہ متحرک کرنے کی ضرورت ہے اس لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیاجائیگاجس سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا- اجلاس میں زراعت کے صوبائی سیکرٹری کو بتایا گیا کہ زراعت میں زرعی توسیع کا اہم کردار ہوتاہے، زرعی توسیع کا عملہ تپہ سطح کے کاشتکاروں کو زرعی توسیع خدمات مہیا کررہا ہے جسے آئی سی ٹی سروسزسے مانیٹر کیاجاتاہے- اس کے علاوہ زرعی تربیتی اداروں میں فیلڈ عملے کی تربیت بھی کرائی جاتی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن محترمہ میمونا شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل محمد ادریس کھوسو، ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع سندھ منیر احمد جمانی، ڈائریکٹر ٹیکنیکل علی نواز چند، ڈائریکٹر پلاننگ میرحا جن تالپور، ڈائریکٹر ٹریننگ انور احمد پٹھان، فوکل پرسن ڈائریکٹوریٹ پلانٹ پروٹیکشن ندیم احمد کورائی، انچارج ڈائریکٹوریٹ انفارمیشن منیر احمد کاکا، انچارج آئی سی ٹی فہیم احمد قریشی و دیگر بھی موجود تھے۔