مزید خبریں

سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان انتقال کر گئے، تدفین آج کراچی میں ہوگی

کراچی (سید وزیر علی قادری) سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان انتقال کر گئے، تدفین آج کراچی میں ہو گی۔ وہ بھوپال کے نواب،کامیاب سفارت کار اور کامیاب ترین کرکٹ ایڈمنسٹریٹر کے طور پر پہنچانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شہریار ایم خان 29 مارچ 1934کو بھارتی شہر لکھنو میں پیدا ہوئے ، انہوں نے ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم انگلینڈ سے حاصل کی جب کہ تقسیم ہند کے بعد شہریار خان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان آ گیا اور کراچی میں سکونت اختیار کی،کلفٹن کراچی میں پاکستان کا پہلا وزارت خارجہ آفس شہریار خان کے آبائی گھر بھوپال ہاؤس میں قائم کیا گیا تھا۔شہریار خان کا تعلق بھارت کے شہر بھوپال سے تھا، وہ پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تھے، انہوں نے سفارت کاری کے بعد کرکٹ میں شہرت حاصل کی لیکن قومی کھیل ہاکی سے دلی لگاؤ رکھتے تھے،اکثر ہاکی گرائونڈز میں دکھائی دیتے تھے، انہوں نے نے 2004 میں کرکٹ ڈپلومیسی کے نام پر پاک بھارت سیریز کا انعقاد کیا، ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کو دیکھنے کے لیے ہزاروں بھارتی پاکستان آئے، اس سیریز کو بھارت میں آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔شہریار خان بھارت کے سابق کرکٹ کپتان منصور علی خان پٹودی کے فرسٹ کزن اور بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کے چچا تھے، 1999میں پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کے بعد انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کا منیجر بناکر بھارت بھیجا گیا تھا، وہ2003 کے ورلڈکپ میں بھی منیجر تھے، انہوں نے دسمبر 2003 سے اکتوبر 2006 اور اگست 2014 سے اگست2017 تک 2 مرتبہ پی سی بی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 2004 میں صدر جنرل مشرف کی ہدایت پر انہوں نے چند ہفتوں کے نوٹس پر پاک بھارت سیریز کا پاکستان میں کامیاب انعقاد کیا، ان کے دور میں بھارت نے 2 مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، ان کا شمار پی سی بی کے کامیاب ترین سربراہوں میں ہوتا ہے۔ آئی سی سی میں شہریار خان پاکستان کرکٹ کی طاقتور آواز کے طور پر جانے جاتے تھے، ان کا شمار پاکستان کے غیر متنازع اور قابل چیئرمینوں میں ہوتا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مشہور سفارت کار، سابق سیکرٹری خارجہ ، سفیر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار محمد خان طویل علالت کے باعث گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے، ان کی عمر89سال تھی، انہوں نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ 4 بچوں کو سوگوار چھوڑا۔مرحوم کی میت بذریعہ ائیر ایمبولینس کراچی منتقل کردی گئی اور نماز جنازہ ان کے بیٹے کی عمان سے کراچی واپسی پر آج ادا کی جائے گی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔سابق کپتان ظہیر عباس، پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے سابق رکن پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔