مزید خبریں

باڈہ ‘سخیرانی گائوں کاواحد پرائمری اسکول خستہ حالی کا شکار

باڈہ (نمائندہ جسارت) باڈہ نواحی علاقے ویھڑ تھانے کی حد کے گاؤں سخیرانی کے پرائمری اسکول کی عمارت خستہ حالی کا شکار، چھت سے ٹوٹ کر گرگئی‘ اساتذہ طلبہ و طالبات معجزاتی طور پر محفوظ۔ تفصیلات کے مطابق ویھڑ کے گاؤں سخیرانی کے پرائمری اسکول کی عمارت کافی سالوں سے خستہ حالی کا شکار رہی ہے۔ منگل کو دوران پڑھائی اچانک چھت سے پلستراکھڑ کر گرپڑا جس سے اسکول کی کرسیاں اور ٹیبلیں ٹوٹ گئیں طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے اسکول سے بھاگ کر جان بچالی۔ اس سلسلے میں اسکول کے ہیڈماسٹر قربان علی جونیجو اور استاد صادق ہیسبانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کے پچھلے کئی سالوں سے اسکول کی عمارت خستہ حالی کا شکار رہی ہے جس کی بار بار شکایات کے بعد بھی محکمہ تعلیم نے کوئی نوٹیس نہیں لیا۔ انہوں نے بتایا کے آج طلبہ و طالبات کو استاد جیسے ہی پڑھا رہے تھے تو اچانک چھت سے پلستر گرپڑا جس وجہ سے فرنیچر کا بہت نقصان ہوا‘تاہم شکر ہے کے کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کے پہلے ہی اسکول میں اساتذہ کم ہونے کی وجہ سے تدریسی عمل میں کافی رکاوٹیں آ رہی تھی اب تو خوف کی وجہ سے طلبہ و طالبات کو والدین اسکول آنے ہی نہیں دیتے جس وجہ سے طلبہ و طالبات کی حاضری کافی کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے وزیر محکمہ تعلیم، سیکریٹری محکمہ تعلیم اور دیگر وابستہ افسران سے مطالبہ کیا کہ اسکول کی مرمت کی جائے ۔