مزید خبریں

امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ114کیماڑی4،عبدالرزاق

عبدالرزاق خان پی ایس114سے جماعت اسلامی کے مضبوط امیدوار ہیں‘عام انتخابات 2024کے حوالے سے جسارت نے ان سے خصوصی انٹرویو کیا پیش خدمت ہے
جسارت: آپ کا مکمل تعارف جس میں آپ کی تعلیمی قابلیت، رہائشی تعلق پروفیشنل ودیگر جو آپ دینا چاہے؟
عبدالرزاق خان:میرا نام عبدالرزاق خان ہے۔ میں نے کراچی یونیورسٹی سے ماسٹر زکیا ہے ماس کمیونیکیشن میں ہے۔گاڑیوں کی خرید وفروخت کے کاروبار سے وابستہ ہوں۔
جسارت: آپ کے حلقہ صوبائی اسمبلی کا حدود اربعہ کیا ہے اور کون کون سے علاقے شامل ہیں؟
عبدالرزاق خان: میںحلقہ PS-114سے جماعت اسلامی کی طرف سے الیکشن لڑ رہا ہوں اس میں میٹروول سائٹ، پٹھان کالونی، پاک کالونی، گولی مار، جہان آباد،الفتح کالونی،ولیکا ہسپتال،بوانی چالی، گلبائی ،پاک ماڈرن کالونی،یاسین زیری کالونی، آصف کالونی،ولاییت آباد شیر شاہ، محمدی کالونی، مچھرکالونی یہ پورا علاقہ PS-114میں آتا ہے۔
جسارت: ووٹر کی تعداد، مرد و خواتین اور یہاں کی آبادی کتنی ہے؟
عبدالرزاق خان:میرے حلقے پی ایس-114میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 26ہزار 270ہے۔
جسارت: آپ کے حلقہ انتخاب پی ایس کے 10بڑے مسائل کون سے ہیں؟ مختصر بتادیں۔
عبدالرزاق خان: PS-114میں بڑے بڑے مسائل ہیں بلکہ مسائلستان ہیں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے پھر انفرااسٹرکچر کا ہے، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں، سیوریج سسٹم بری طرح متاثرہے۔ کھلے نالے ہیں جو غلاظت اور گندگی کا ڈھیر ہیں، کچرا کنڈیاں ہیں جن کی کئی کئی سالوں سے کوئی صفائی نہیں ہوئی ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے، کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ ہے، امن و امان کا مسئلہ ہے، جرائم اور منشیات کا مسئلہ ہے تو جس مسئلے کو بھی اٹھاتے ہیں ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس سے لوگ دوچار ہیں۔ یہاں پر ایجوکیشن کا نظام پوری طرح متاثر ہے، پرائمری سکول بہت بری طرح متاثر ہیں، بنیادی سہولتیں تک اس میں نہیں ہیں۔ صحت کے مسائل ہیں، صحت کی سہولیات لوگوں کو میسر نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے روزگار کا مسئلہ ہے، بے روزگاری ہے بہت بری طرح۔ بیروزگاری نے لوگوں کو متاثر کیا نوجوان ہر در و دروازے فیکٹری انڈسٹریز میں جاتے ہیں لیکن ان کو نوکری نہیں ملتی۔ یہاں پر مہنگائی اور غربت بہت زیادہ ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگ پس رہے ہیں، غربت کی وجہ سے لوگ پس رہے ہیں تو اس کو اگر بیان کرنا شروع کیا جائے تو پوری کتاب لکھی جا سکتی ہیں یہ بہت زیادہ متاثر علاقہ ہے اس کا سائٹ انڈسٹریل ایریا کا ایک بڑا حصہ ہمارے PS-114میں آتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی یہاں کے غریب، یہاں کے مزدور مسائل سے دوچار ہیں۔
جسارت:آپ کے حلقے میں اس سے قبل سابق رکن صوبائی اسمبلی کون تھے اور انہوں نے کیا کام کیے ہیں؟
عبدالرزاق خان:حلقہ PS-114میں اس سے پہلے جو صوبائی اسمبلی کے ممبر تھے وہ شبیر قریشی تھے۔ جس کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔ شبیر قریشی صاحب نے کوئی بھی کام نہیں کیا بلکہ لوگ بری طرح ان سے ناراض اور خفا ہیں۔ انہوں نے کسی بھی مسئلے کو نہیں اٹھایا نہ اس کے لیے کوئی کوشش کی نہ اس کا کوئی حل نکالا۔
جسارت: جیتنے کے بعد آپ کی ترجیحات کیا ہوں گی؟
عبدالرزاق خان:اللہ تعالیٰ نے اگر موقع دیا اور اس حلقے سے ہم جیتے تو جیتنے کے بعد سب سے پہلے درجے میں عوام کے بنیادی مسائل ہیں۔ ہم جہاں بھی الیکشن میں گئے ہیں لوگ اسمبلی اور پارلیمنٹ کے ممبر سے جو آئینی قانونی دستوری ان کاجو اسٹیٹس ہے نہ لوگ اس پر بات کرتے ہیں نہ لوگوں کو چاہتے ہیں بلکہ لوگ سب سے پہلے ان کے بنیادی مسائل سامنے رکھ لیتے ہیں تو میرا یہ خیال ہے کہ ہم عوام کے ساتھ مل کر ان شاء اللہ ان کے بنیادی مسائل کو حل کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
جسارت: لوگ جماعت اسلامی کو کیوں ووٹ دیں؟
عبدالرزاق خان : لوگ جماعت اسلامی کو کیوں ووٹ دیں، لوگ جماعت اسلامی کو اس لیے ووٹ دیں کہ باقی تمام پارٹیوں کو آزمایا جا چکا ہے۔ کرپشن، بے ایمانی، دھوکا زنی، جھوٹ، دروگوئی، فراڈ اور یہ سب کچھ آپ لوگوں کے سامنے آچکا ہے۔ اس سے اچھی بات یہ لوگ پوری طرح بیزار ہیں۔اگر فیئر اینڈ فری الیکشن ہوتا ہے تو یہ تمام پارٹیاں پوری طرح پس جائیں گی اور بری شکست سے دوچار ہو جائیں گی۔ اس لیے کہ اب لوگ جماعت اسلامی کو سمجھنے لگے ہیں کہ قوم کے جو بنیادی اس وقت مسائل ہیں پہلے ان کا بنیادی حل ایماندار، دیانت دار اور باکردار قیادت اور ایک ایسی پارٹی جس میں خود سیاست بھی ہو، جمہوریت بھی ہو، اسلامیت بھی ہو، کردار بھی ہو، اخلاق بھی ہو، جرأت بھی ہو، سچائی بھی ہو اور وہ الحمدللہ سب کچھ جماعت اسلامی میں موجود ہے اور مجھے امید ہے ان شااللہ ہمارے اس الیکشن مہم کے نتیجے میں پورے ملک میں خصوصا ًکراچی میں یہ بات پہنچانے میں ہم کسی حد تک کامیاب ہوئے ہیں کوشش جاری ہے۔
nn