مزید خبریں

حکومت کی عدم دلچسپی، عباسی اسپتال کا انتظامی و طبی بحران شدید

کراچی ( رپورٹ:محمدانور ) سندھ کی نگراں حکومت کی عدم دلچسپی و عدم توجہ کی وجہ سے بلدیہ عظمیٰ کے سب سے بڑے عباسی شہید اسپتال کا انتظامی و طبی نظام بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ جبکہ نگراں حکومت کی طرف سے اس ضمن میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے توجہ دلانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے پورے اسپتال کے امور وینٹی لیٹر پر پہنچ جانے کے ہوچکے ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے اسپتال کے مالی بحران کی وجہ سے ضروری نوعیت کے وسائل کا فقدان پیدا ہوچکا ہے ۔ذرائع کا کہنا کہ وسائل میں کمی کے باوجود عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے اسپتال کے طبی اور انتظامی عملے کو عام انتخابات کے انتظامات کے لیے طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے 8 تا 11 فروری اسپتال کا طبی و انتظامی عملہ مریضوں کی جانب بچانے والی اصل ذمے داری ادا نہیں کرسکے گا۔ اسپتال کی انتظامیہ نے حکام کو مطلع کیا ہے کہ عملے کی عدم موجودگی کی وجہ سے مریضوں کی حالت بگڑنے اور جان نہ بچانے کی ذمے داری اسپتال پر نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں کہیں بھی انتخابات کے لیے لازمی سروسز کے عملے کو اس ڈیوٹی سے مستثناقرار دیا جاتا ہے۔