مزید خبریں

میئر کراچی زبردستی دکانیں خالی کرانے کی دھمکیاں نہ دیں ‘محمود حامد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسما ل ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر اور کے ایم سی مارکیٹس الائنس کے چیئرمین محمود حامد نے فریئر مارکیٹ صدر کے تاجروں کو کے ایم سی اہلکاروں کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کو احتجاج کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ میئر کراچی نے کے ایم سی مارکیٹوں کے کرایوں میں 150 فیصد ظالمانہ اور غیر قانونی اضافہ کرنے کے بعد تاجروں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ تاجروں کو کمزور نہ سمجھا جائے وہ آج اسمال ٹریڈرز سیکرٹیریٹ میں فریئر مارکیٹ کے تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے ان سے ملاقات کی اور فریئر مارکیٹ کے تاجروں کو دھمکانے اور ہراساں کرنے وہاں کے حالات سے مطلع کیا اسمال ٹریڈرز کے رہنما نے کہا کہ تاجر پرامن ہیں اور اپنے جائز حق کیلیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں مگر میئر کراچی مستقل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اب انہوں نے اہلکاروں کے ذریعے تاجروں کو ہراساں کرنا اور ان کی دکانوں کو خالی کرانے اور سیل کرنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں تاجر رہنما نے کہا کہ ہم کسی بھی غیر قانونی دھمکی اور دباؤ کو قبول نہیں کریں گے اور میئر کے ہر کاروں کی دھمکیوں کی وجہ سے اگر شہر میں لااینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہوئی تو اس کی ذمہ داری میئر کراچی پر ہوگی محمود حامد نے کہا کہ میئر جن مارکیٹوں کا کرایہ کمرشل دکانوں کے حساب سے لینا چاہتے ہیں ان مارکیٹوں کی حالت زار دیکھنے کے قابل ہے فریئر مارکیٹ کے اندر اس وقت گٹر کا پانی جمع ہے ہر طرف کچرہ کنڈی کا سماں ہے صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہیں روٹی کپڑا اور مکان دینے کا وعدہ کرنے والی جماعت کا میئر 4×6 فٹ کی دکانوں کے کرایہ میں 150 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہا ہے جو انتہائی مضحکہ خیز ہے انہوں نے سوال کیا کہ 60 /70 سال سے اباد مارکیٹوں کے دکانداروں کو کس بنیاد پر دکان خالی کرانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ ان دکانوں کے اندر تیسری نسل کاروبار کر رہی ہے ان مارکیٹوں کی دیکھ بھال ٹوٹ پھوٹ رنگ و روغن اور حفاظت یہاں کے تاجر 60 سال سے کر رہے ہیں کے ایم سی اس میں کوئی پیسہ انویسٹ نہیں کرتی اسمال ٹریڈرز کے صدر نے اعلان کیا کہ جمعہ کو چار بجے فریئر مارکیٹ کے سامنے میئر کی ہٹ دھرمی اور تاجروں کو دھمکانے کے خلاف مظاہرہ کیا جائے گا۔