مزید خبریں

میٹرک بورڈ، جماعت نہم کی مارکس شیٹس جاری کرنے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سالانہ امتحانات سال 2023ء ایس ایس سی پارٹ ون (جماعت نہم) سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کی مارکس شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ سید شرف علی شاہ کی ہدایت کے مطابق قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ10جنوری سے دیے گئے شیڈول کے مطابق اپنے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ آفس کی پہلی منزل بلاک B کانفرنس ہال سے صبح 9:30 بجے سے شام 4:00 بجے تک اورہفتے کے روز صبح00:10بجے سے سہ پہر2:00بجے تک مارکس شیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایسے طلباء و طالبات جو اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ اسکروٹنی فارم10جنوری سے 9فروری 2024ء تک بورڈ سے ملحقہ بینکوں نیشنل بینک، یونائیٹڈ بینک، عسکری بینک یا بورڈآفس بوتھ سے فارم حاصل کرنے کے بعدانہیں بینکوں میں جمع کراسکتے ہیں۔ بورڈ سے الحاق شدہ تمام اسکول اور گورنمنٹ اسکول کے ماتحت آنے والے اسکولوں کے سربراہان یا ان کے بااختیار نمائندے مارکس شیٹس حاصل کرنے کیلیے ہیڈ ماسٹر/مسٹریس کی دستخطی مہر اور اتھارٹی لیٹر اپنے ساتھ لازمی لے کر آئیں اس کے بغیر ان کو مارکس شیٹس جاری نہیں کی جائیں گی۔