مزید خبریں

دلاور شاہ بھی چلے گئے

 EOBI کے ایک سینئر سابق افسر دلاور شاہ طویل علالت کے باعث گزشتہ دنوں پشاور میں خالق حقیقی سے جاملے۔ دلاور شاہ نے11 فروری 1979ء میں EOBI میں شمولیت اختیار کی تھی آپ کا شمار EOBI کے معماران میں کیا جاتا ہے۔ EOBI کے قیام کے مقاصد کی ترقی وترویج خصوصاً صوبہ خیبر پختونخوا میں EOBI کی بنیاد رکھنے اور اسے پروان چڑھانے کے لیے دلاور شاہ کی غیر معمولی اور عظیم خدمات رہی ہیں جنہیں تادیر یاد رکھا جائے گا۔ ہمیں ہیڈ آفس کراچی میں دلاور شاہ کے ساتھ خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ دلاور شاہ ہمارے ساتھ مختلف لیبر فیڈریشنز کے دفاتر میں ضعیف العمر ملازمین فوائد قانون کی آگہی کے لیے تربیتی لیکچر دینے جایا کرتے تھے۔ آپ ایک باکردار ، باصلاحیت اور تجربہ کار افسر ہونے کے ساتھ ساتھ منکسر المزاج اور شگفتہ مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ جو اپنے ماتحتوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آیا کرتے تھے اب EOBI میں ایسی اخلاقی خوبیوں کے افسران ناپید ہیں۔ دلاور شاہ مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد 19 دسمبر 1996ء کو EOBI کی ملازمت سے ریٹائر ہوگئے تھے اور ریٹائرمنٹ کے بعد پہلے مردان اور اب پشاور میں مقیم تھے اور کافی عرصہ سے علیل چلے آرہے تھے۔واضح رہے کہ ای او بی آئی ریٹائرڈ ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن(REWA) رجسٹرڈ پاکستان کے وفد نے لاہور اور اسلام آباد میں اپنے اجلاس عام کے انعقاد کے بعد بابائے EOBI محمد بشیر کی قیادت میں 21 دسمبر 2023ء کو ان کی رہائش گاہ یونیورسٹی ٹاؤن پشاور جاکر دلاور شاہ عیادت کرنے کا پروگرام بنایا تھا۔ جب ہم ان کی رہائش گاہ پر پہنچے تو اس موقع پر دلاور شاہ نے اپنے پرانے ساتھیوں کو دیکھ کر بیحد خوشی کا اظہار کیا تھا۔ انہیں واکر کے ذریعہ سہارا دے کر ڈرائنگ روم میں لایا گیا تھا اس ملاقات کے دوران اگرچہ انہیں بولنے میں دشواری کا سامنا تھا لیکن وہ اپنے پرانے ساتھیوں خصوصاً بشیر صاحب کو پہچان گئے تھے اور ہماری آمد پر بیحد خوشی کا اظہار کررہے تھے۔ اس موقع پر دلاور شاہ کی اہلیہ نے دلاور شاہ سے ملاقات کے لیے خصوصی طور پر ہماری پشاور آمد پر سب ساتھیوں کا بیحد شکریہ ادا کیا تھا اور دعاؤں سے نوازا تھا۔ لیکن کیا خبر تھی کہ یہ دلاور شاہ صاحب سے ہماری آخری ملاقات ہوگی۔