مزید خبریں

آپؐ کے پیٹ پر پتھر باندھنے کی روایت

غزوۂ احزاب ہجرتِ مدینہ کے پانچویں سال ہوا تھا۔ پورا عرب مدینہ پر چڑھ آیا تھا۔ یہود، مشرکین مکہ اور دیگر بہت سے قبائل اسلام اور مسلمانوں کو صفحۂ ہستی سے نیست و نابود کرنے کا تہیہ کیے ہوئے تھے۔ اس جنگ کی منصوبہ بندی مسلمانوں نے نہیں کی تھی کہ انھوں نے پہلے اس کے لیے پوری تیاری کرلی ہو، تمام وسائل فراہم کرلیے ہوں، نفع ونقصان کا تخمینہ کرلیا ہو، سامانِ رسد اور غذائی اشیاء کا ذخیرہ کرلیا ہو، اس کے بعد جنگ چھیڑی ہو، بلکہ جنگ ان پر مسلط کی گئی تھی۔

رسولؐ کو دشمنوں کے لشکر عظیم کی خبر ملی تو آپؐ نے صحابہ کرامؓ سے مشورہ کیا۔ اس موقع پر سیدنا سلمان فارسیؓ نے، جو کچھ عرصہ پہلے ہی ایمان لائے تھے، یہ تجویز پیش کی کہ فارس میں جب ہم اس طرح کے محاصرے کی صورت حال سے دوچار ہوتے ہیں تو اپنے گرد خندق کھود لیتے ہیں۔ یہ تجویز آپؐ کو بہت پسند آئی۔ آپؐ نے فوراً اس پر عمل درآمد کا حکم دے دیا۔ مدینہ کے بعض اطراف میں پہاڑیاں، پتھریلی زمین اور کھجور کے باغات تھے۔ ادھر سے حملے کا اندیشہ تھا۔ جو حصہ کھلا ہوا تھا ادھر خندق کھودنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ دس دس افراد کے گروپ بنائے گئے اور انھیں چالیس چالیس ہاتھ خندق کھودنے کا حکم دیا گیا۔ تقریباً تین ہفتوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد خندق تیار ہوگئی۔ رسولؐ بنفس نفیس صحابہ کرامؓ کے ساتھ خندق کی کھدائی میں شریک رہے۔ بعض مواقع پر، جب زیر زمین کوئی چٹان کھدائی میں رکاوٹ ڈالتی تھی اور صحابہ کرامؓ اسے توڑ نہیں پاتے تھے تو آپؐ آگے بڑھتے تھے اور آپؐ کی ایک ضرب سے چٹان پاش پاش ہوجاتی تھی۔

صحیح احادیث میں ہے کہ اس زمانے میں مدینہ میں خور ونوش کی اشیاء کی شدید قلت تھی۔ (بخاری) تھوڑا سا جو مل جاتا تو صحابہ کرامؓ اسے پرانے تیل میں پکا کر کھالیتے تھے۔ (فتح الباری) کبھی انھیں صرف کھجوروں پر گزارا کرنا پڑتا تھا۔ (البدایہ والنہایہ) بسا اوقات تین تین دن تک کھانے کی کوئی چیز ان کے منہ کو نہ لگتی تھی۔ (بخاری) اس دوران آپؐ کے دست مبارک سے متعدد معجزات کا ظہور ہوا۔ تھوڑا سا کھانا، جو گنتی کے چند افراد کے لیے کفایت کرسکتا تھا، اس میں اتنی برکت ہوئی کہ سیکڑوں افراد اس سے شکم سیر ہوئے۔

اسی موقع کی ایک روایت سیدنا ابوطلحہؓ سے مروی ہے۔ وہ بیان کرتے ہیں: ’’ہم نے رسولؐ سے بھوک کی شکایت کی اور اپنے پیٹ کھول کر دکھائے، جن پر ایک ایک پتھر بندھا ہوا تھا۔ یہ سن کر آپؐ نے اپنا شکم مبارک کھول کر دکھایا۔ اس پر دو پتھر بندھے ہوئے تھے‘‘۔
اس روایت کی تخریج امام ترمذی نے کتاب الزہد میں کی ہے، ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے: یہ حدیث غریب ہے، جو صرف اسی سند سے مروی ہے۔ علامہ البانی نے اسے ضعیف قرار دیا ہے۔ لیکن غزوۂ خندق کے موقع پر بھوک کی وجہ سے رسولؐ کا پیٹ پر باندھنا صحیح روایات سے ثابت ہے۔ سیدنا جابر بن عبداللہؓ سے مروی ایک طویل روایت میں ہے:
’’پھر آپؐ کھڑے ہوئے۔ اس وقت آپ کے پیٹ پر ایک پتھر بندھا ہوا تھا‘‘۔ (بخاری)

عربوں میں اس زمانے میں ایک چلن یہ تھا کہ وہ شدت بھوک کے احساس کو دبانے کے لیے پیٹ پر پتھر باندھ لیا کرتے تھے۔ ایسے پتھر کو مْشبِعہ کہا جاتا تھا، یعنی بھوک کا احساس ختم کرنے والا اور آسودگی کا احساس دلانے والا۔ علامہ ابن حجرؒ نے بخاری کی مذکورہ بالاروایت کی شرح میں لکھا ہے:
’’پیٹ پر پتھر باندھنے کا فائدہ یہ ہے کہ پیٹ جب بھوک کی وجہ سے سکڑ جاتا ہے تو کمر جھک جانے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ اس صورت میں اگر پیٹ پر پتھر رکھ کر اوپر سے کپڑا باندھ لیا جائے تو پیٹھ سیدھی رہتی ہے‘‘۔ (فتح الباری)

کسی واقعے پر غور کرنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ اسے زمانۂ وقوع اور اس جیسے حالات میں لے جاکر اس پر غور کیا جائے۔ ہم آج بھی دیکھتے ہیں کہ کھیتوں میں کام کرنے والے یا محنت مزدوری کرنے والے اپنے پیٹ پر انگوچھا کس کر باندھ لیتے ہیں، اس کے بعد کام کرتے ہیں تو انھیں تکان کا احساس کم ہوتا ہے۔ ایئر کنڈیشن کمروں میں بیٹھنے اور مرغن غذائیں آسودہ ہوکر کھانے والوں کی عقل میں اس عمل کی افادیت نہیں آسکتی۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ 72 گھنٹے بھوکے رہیں، پھر 5-6 گھنٹے سخت زمین پر پھائوڑا چلائیں، تب انھیں بخوبی اندازہ ہوجائے گا کہ پیٹ پر کپڑا باندھ کر پھائوڑا چلانے سے تکلیف میں اضافہ ہوتا ہے یا کچھ راحت محسوس ہوتی ہے۔