مزید خبریں

ڈھرکی : دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان اجتماع

ڈھرکی (رپورٹ: محمد کلیم صادق) دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی رہنما دعوت اسلامی مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ دینی اجتماعا ت میں شرکت سے دین و اسلام اور احکامات الٰہی اور شریعت محمدی ؐکو سیکھنے اور فکر آخرت کا سبق ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی اجتماعات سجانا، لوگوں کو دین کی باتیں بتانا، فکر آخرت ، خوف خدا، قبر و حشر اور دیگر اصلاحی موضوعات پر بیانا ت کرنا، مل جل کر اجتماعات سجا کر ذکر اللہ کرنا، دُعائیں مانگنا ہر دور میں اہل ایمان کا معمول رہا ہے اور یہ ایک بہترین عبادت بھی ہے۔ وعظ و نصیحت کرنا شریعت کو مطلوب ہے، قرآن کریم کے جو بنیادی عنوانات ہیں، اس میں ایک اہم ترین عنوان ( وعظ و نصیحت ) بھی ہے، انبیائے کرام علیہم السلام، صحابہ کرام علیہم الرضوان اور اولیائے کرام رحمتہ اللہ علیہم نے اس (وعظ و نصیحت) کیلئے جو انداز اختیار کئے ان میں سے اہم ، بہت زیادہ دلوں پر اثر کرنے والا اور معاشرے میں انقلاب برپا کرنے والا انداز دینی اجتماعات بھی ہیں، انبیائے کرام علیہم السلام سے متعلق روایات موجود ہیں کہ یہ بلند پایہ حضرات اجتماعات سجا یا کرتے ، لوگوں کو جمع فرماتے، انہیں وعظ و نصیحت فرماتے اور اجتماعی طور پر نیکی کی دعوت دیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ پاک نے نیک کاموں کی طرف رغبت عطا فرمائی ہے، دینی اجتماعات میں شرکت کی توفیق بخشی ہے تو اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔