مزید خبریں

لاہور میں EOBI-REWA کاتیسرا سالانہ اجلاس عام

ای او بی آئی ریٹائرڈ ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن (REWA) رجسٹرڈ پاکستان کے زیر اہتمام 18 دسمبر 2023ء کو جوہر ٹاؤن لاہور کے مقامی ہوٹل میں تیسرے سالانہ اجلاس عام کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور بابائے EOBI محمد بشیر سابق ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نے کی جبکہ اجلاس عام کے مہمان خصوصی محمد جاوید نوشاہی سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لاہور تھے۔ واضح رہے کہ EOBI-REWA کی داغ بیل 2017 ء میں ڈالی گئی تھی جو محکمہ سماجی بہبود حکومت سندھ کے تحت رجسٹر شدہ تنظیم ہے اور ایسوسی ایشن کو ابتداء ہی سے مکمل جمہوری طریقہ کار اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔ ادارہ کے ہر قسم کے ریٹائرڈ ملازم کے لیے ایسوسی ایشن کی تاحیات رکنیت فیس 5 ہزار روپے مقرر ہے۔ EOBI کے ریٹائرڈ ملازمین کی ایسوسی ایشن EOBI-REWA کے عہدیداران میں ارشد اقبال سابق

ڈائریکٹر آپریشنز لاہور صدر، مرزا اویس سعید احمد سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لاء ڈپارٹمنٹ ہیڈ آفس کراچی سینئر نائب صدر، محمد جمیل سابق ڈائریکٹر ہیڈ آفس کراچی جنرل سیکرٹری، محمد مشتاق احمد بٹر ایڈوکیٹ لاہور جوائنٹ سیکرٹری، اسرار ایوبی انفارمیشن سیکرٹری، سید محمد حیدر کاظمی فنانس سیکرٹری، جبکہ مجلس عاملہ کے ارکان میں محمد ابراہیم فاروقی سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء ڈپارٹمنٹ، محمد یونس سابق ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز، سرفراز احمد خان سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز، غلام نبی خان سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز اسلام آباد، میاں تجمل حسین سابق ایگزیکٹیو افسر فیصل آباد، علی حیدر مینگل سابق ریجنل ہیڈ کوئٹہ اور سید سجاد حسین شاہ سابق ریجنل ہیڈ ایبٹ آباد شامل ہیں۔

اجلاس کا آغاز قاری غلام یاسین ریجنل آفس لاہور ساؤتھ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اسرار ایوبی نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے اجلاس عام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ محمد بشیر نے ایجنڈے کے مطابق اجلاس عام کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ای او بی آئی ریٹائرڈ ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن (REWA) رجسٹرڈ پاکستان ای او بی آئی (ایمپلائیز سروس) ریگولیشن مجریہ 1980ء، ای او بی آئی (ایمپلائیز پنشن اینڈ گریجویٹی) ریگولیشن مجریہ 1987ء اور ای او بی آئی (ایمپلائیز میڈیکل اٹینڈنٹس) ریگولیشن مجریہ 1980ء کے تحت ادارہ کے سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ یہ ریگولیشنز ای او بی آئی کے بورڈ آف ٹرسٹیز سے منظور شدہ اور حکومت پاکستان سے باقاعدہ گزٹ نوٹیفائڈ بھی ہیں۔

سرپرست اعلیٰ محمد بشیر نے اجلاس کے شرکاء کے سامنے EOBI-REWA کی گزشتہ برس کی خدمات اور کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ خدا کے فضل و کرم سے ریٹائرڈ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی انتھک محنت اور مسلسل کاوشوں کی بدولت ہمیں ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے 9 نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
ـ1- 72 برس کی عمر کو پہنچ جانے والے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے ریسٹوریشن آف پنشن منظور کرانے کے بعد اس مد میں ریٹائرڈ ملازمین کو 18 تا 20 لاکھ روپے کے بقایاجات کی ادائیگی کرائی گئی۔
ـ2- 2017 ء کے نظر ثانی شدہ پے اسکیل کی منظوری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کے لیے نظر ثانی شدہ پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا گیا جس کے نتیجہ میں تقریباً 135 ریٹائرڈ ملازمین کو فائدہ پہنچا ۔
ـ3- ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے عہدہ کے ریٹائرڈ افسران کے Orderly Allowance پر قانون کے مطابق 25 ہزار روپے ماہانہ کی منظوری حاصل کی گئی۔
ـ4- ریٹائرڈ ملازمین کے لیے قانون کے مطابق 365 یوم کی LPR منظور کرائی گئی۔
ـ5- ریٹائرڈ ملازمین اور ان کی شریک حیات کی وفات کی صورت میں ادارہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسے ریٹائرڈ اور متوفی ملازمین کی چار غیر شادی شدہ اور مطلقہ صاحبزادیوں کے لیے فیملی پنشن منظور کرائی گئی اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ ایک طریقہ کار متعین کیا گیا ہے ۔

ـ6- ایسوسی ایشن کی جانب سے کافی عرصہ سے ریٹائرڈ ملازمین کے 12 ارب روپے مالیت کے پنشن فنڈ ٹرسٹ کی علیحدہ اور خود مختار حیثیت سے تشکیل دینے کے لیے جدوجہد جاری تھی جس کے نتیجہ میں ہمیں واضح کامیابی نصیب ہوئی۔ بورڈ آف ٹرسٹیز کی منظوری کے ذریعہ پنشن فنڈ ٹرسٹ کی 2008ء تا 2012ء کی مدت کی Actuarial Valuation کرائی گئی ۔ چیئر پرسن ناہید شاہ درانی کے گرانقدر تعاون اور سرپرستی سے پنشن فنڈ ٹرسٹ کی FBR میں رجسٹریشن کرائی گئی اور اسے قانون کے مطابق انکم ٹیکس سے مستثنیٰ بھی کرایا گیا ۔

اجلاس عام میں متفقہ طور قرارداد منظور کی گئی کہ پنشن فنڈ ٹرسٹ میں ایسوسی ایشن کی نمائندگی کے طور پر دو ریٹائرڈ ملازمین جن میں افسران کی جانب سے عبدالمجید سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل فنانس اینڈ اکاؤنٹس اور اور اسٹاف ملازمین کی جانب سے سید محمد حیدر کاظمی سابق سپرنٹنڈنٹ ری کنسیلیئشن ڈپارٹمنٹ کو پنشن فنڈ ٹرسٹ میں ٹرسٹی کی حیثیت سے نمائندگی دی جائے۔
ـ7- ملک بھر کے ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل بلز کی Reimbursement کے دیرینہ مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے انتظامیہ کے تعاون سے ہر ماہ کی یکم اور 15 تاریخ کو بلز کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار متعارف کرایا گیا۔
ـ8- ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو ہنگامی صورت حال میں فوری علاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تاحیات میڈیکل کارڈ جاری کرنے کا نظام متعارف کرایا گیا ۔
ـ9- اسلام آباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں مقیم ریٹائرڈ ملازمین کو علاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے الشفاء اسپتال اسلام آباد کو ادارہ کے پینل پر بحال کرایا گیا۔ اس سہولت کی بدولت بے شمار ریٹائرڈ ملازمین مستفید ہوں گے ۔
اس موقع پر مہمان خصوصی محمد جاوید نوشاہی نے اجلاس عام سے خطاب کرتے ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے ایسوسی ایشن کی غیر معمولی کارکردگی پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان 9 کارہائے نمایاں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری ان جملہ کامیابیوں کا تمام کا تمام سہرا ہماری ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ بابائے EOBI محمد بشیر کی بصیرت افروز رہنمائی اور ان کی فعال ٹیم کے سر بندھتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آپس میں متحد ہو کر EOBI-REWA کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔

محمد جاوید نوشاہی نے ادارہ کے ریٹائرڈ ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جلد از جلد ایسوسی ایشن کی رکنیت حاصل کریں اور اس عظیم مقصد میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے اس موقع پر ایسوسی ایشن کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں اپنی جیب سے ایسوسی ایشن کے فنڈ میں 20 ہزار روپے کا عطیہ پیش کیا جبکہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے چودھری عبد الطیف سابق ڈائریکٹر لاء لاہور نے 20 ہزار روپے، نصیر الدین جوئیہ سابق ریجنل ہیڈ نے 20 ہزار روپے اور نیاز حسین لکھویرا سابق ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نے ایسوسی ایشن کو 10 ہزار روپے کا عطیہ پیش کیا۔
اجلاس عام میں EOBI کے ریٹائرڈ افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے بڑے ذوق و شوق کے ساتھ شرکت کی اور دیگر شہروں کے ارکان zoom کے ذریعہ اجلاس عام کی کارروائی میں شامل ہوئے جبکہ پرویز کلیم بھٹہ سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اپنی جسمانی معذوری اور وہیل چیئر پر زندگی بسر کرنے کے باوجود اجلاس عام میں شرکت کے لیے بطور خاص ملتان سے لاہور تشریف لائے تھے۔ اجلاس عام کے آخر میں ایسوسی ایشن کے صدر ارشد اقبال نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ریٹائرڈ ملازمین کے درمیان اتحاد و اتفاق قائم کرنے پر زور دیا۔
لاہور میں منعقدہ تیسرے سالانہ اجلاس عام کے انعقاد کے لیے جملہ انتظامات صدر ارشد اقبال اور جوائنٹ سیکرٹری محمد مشتاق بٹر ایڈوکیٹ نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اجلاس عام میں نظامت کے فرائض اسرار ایوبی نے انجام دیے۔ اجلاس عام کے اختتام پر شرکاء کی تواضع پر تکلف ظہرانہ سے کی گئی۔