مزید خبریں

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی معیشت کے استحکام کا اشارہ ہے

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی معیشت کے استحکام کی طرف خوشگوار اشارہ ہے ۔معاشی استحکام کی رفتار بڑھانے کے لئے ٹیکس توانائی اور زرعی شعبوں کو اولین ترجیح دی جائے۔گردشی قرضے اشرافیہ کی مراعات حکومت کے اخراجات اور صنعتی شعبہ پر ٹیکس کم کیا جائے جبکہ زرعی آمدن ہول سیل ریٹیل اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں پر ٹیکس بڑھایا جائے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کو فروخت امیروں پر ٹیکس میں اضافہ اور غریبوں پر ٹیکس میں کمی لائی جائے۔حکومت نے اسمگلنگ ذخیرہ اندوری ڈالر کی سٹے بازی سمیت متعدد اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں تاہم اس وقت فرٹیلائیزر مافیا کی من مانیاں عروج پر ہیں۔معیشت کو بہتر بنانے کے لئے برامدات سرمایہ کاری اور ترسیلات میں اضافہ کرنا ہو گا جس سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور قرضوں کی ادائیگی میں حائل مشکلات کم ہو جائیں گی۔ سعودی عرب، یو اے ای، چین اور قطر زراعت،ریفائنری اور معدنیات کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔