مزید خبریں

ریونیو اور انڈسٹریز کے محکموں نے الیکٹرانک ایپلی کیشن جاری کر دی

کراچی(کامرس رپورٹر) نگران وزیرِ صنعت و تجارت اور ریونیو محمد یونس ڈاگھا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ریونیو اور انڈسٹریز کے محکموں نے صارفین کو دستاویزات پہنچانے کے لئے پاکستان پوسٹ کے ارجنٹ میل سروس کوریئر کے ذریعے گھر بیٹھے فراہمی کا تاریخی قدم اٹھایا ہے ، اس سلسلے میں ان دونوں محکموں کے سربراہوں نے مفاہمت کی یادداشت پر منگل کو یہاں دستخط بھی کئے ہیں۔انہوں نے منگل کو سندھ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ریونیو اور انڈسٹریز میں الیکٹرانک سروسز کا آغاز کیا جارہا ہے ،اب ان محکموں کے صارفین اپنے تمام کام گھر بیٹھے آن لائن انجام دے سکیں گے ، ان محکموں کے صارفین اب آن لائن درخواست دے سکیں گے اور آن لائن ہی جو بھی فیس ہو وہ بھی ادا کرسکیں گے۔محمد یونس ڈاگھا نے کہا کہ ریونیو اور انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ کے صارفین کو دفاتر میں آنے کی پریشانی اور دفاتر میں رش سے بچنے کے لئے آن لائن سروس کی خدمات پیش کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دستاویزات کوریئر کے ذریعے گھر کی دہلیز تک پہنچانے سے صارفین کو مزید سہولت ہوگی اور دفاتر میں رش سے بھی بچا جاسکے گا۔