مزید خبریں

امن و امان کے قیام میں ایس ایس یو کا کردار اہم ہے،گورنر

کراچی ( اسٹاف ر پورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اسپیشل سیکورٹی یونٹ کے ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیس فورس کی تربیت،اس ضمن میں ایس ایس یو کے کردار،اہم پروجیکٹس کی سیکورٹی کے لیے ایس ایس یو کی ذمہ داری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں ایس ایس یو کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی تربیت کی ذمہ داری ایس ایس یو احسن طریقہ سے سرانجام دے رہا ہے۔ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے اسپیشل سکورٹی یونٹ کی کارکردگی سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کویت کے آئی ایف اے گروپ کے نائب چیئرمین صالح السلمی کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔گورنرسندھ نے کہاکہ برادر اسلامی ممالک نے پاکستان کی ہمیشہ مدد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے معاشی حب میں سرمایہ کاری کے سازگار حالات موجود ہیں۔ مزید برآں گورنر کامران خان ٹیسوری سے جے ڈی سی کے روح رواں ظفر عباس اور آئی ٹی ایکسپرٹ مزمل اطہر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں آئی ٹی کورسز کے آغاز، مارکی میں کمپیوٹرز کی تنصیب،تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں ظفر عباس اور مزمل اطہر نے گورنر سندھ کے ہمراہ آئی ٹی کلاسز کی مارکی اور طالب علموں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی دورہ کیا۔