مزید خبریں

لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت،عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت کا بتایا گیا کہ معاذ احمد اور طلحہ احمد جناح ائرپورٹ سے،محمد علی پاکستان بازار سے اور محمد طہٰ ٰ سپر مارکیٹ سے لاپتا ہیں ۔عدالت کاکہناتھا کہ کتنی جے آئی ٹیز ہوچکی ہیں اور اب تک لاپتا افراد کا سراغ کیوں نہیں لگایا گیا؟،تفتیشی افسر نے بتایا کہ 37 جے آئی ٹیز اور 15 صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس ہوچکے ہیں،لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے بھر پور کوشش کی جارہی ہے، بہت جلد بازیاب کرالیا جائے گا،لاپتا شہری کی والدہ کاکہناتھا کہ 9 سال سے میرا بیٹا جنید احمد نیو کراچی سے لاپتا ہے اب تک اس کا کوئی پتانہیں لگایا گیا،میرا اکلوتا بیٹا ہے ،بہت پریشان ہوں 9 سال سے عدالتوں اور تھانوں کے چکر کاٹ رہی ہوں،میرے بیٹے محمد طٰہٰ کو سی ٹی ڈی پولیس سپر مارکیٹ سے لے گئی تھی ،اب تک اس کا کوئی پتا نہیں اگر اس کا کوئی جرم ہے تو اسے سامنے لایا جائے، بیٹے کو جرم ثابت ہونے پر سزا دی جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ اب تک کیا کارروائی ہوئی ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پولیس کو لیٹر لکھا تھا ،انہوں نے جواب دیا کہ ان کے پاس شہری نہیں ہے اور دیگر اداروں کو بھی لیٹر لکھا ہے،بھر پور کوشش کی جارہی ہے ان کے وکیل سے بھی رابطے میں ہیں، جلد بازیاب کرا لیا جائے گا،عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔