مزید خبریں

ٹریوس ہیڈعالمی کپ کے فائنل میں سنچری بنانے والے 7ویں کھلاڑی

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے عالمی کپ کے فائنل میں آسڑیلیا کے ٹریوس ہیڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے166 منٹ میں120 گیندں پر15 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے137 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انکی اس شاندار اننگ کی بدولت آسڑیلیا نے بھارت کو چھ وکٹ سے شکست دیکر چھٹی مرتبہ عالمی کپ پر قبضہ کرلیااور وہ عالمی کپ کے فائنل میں سنچری بنانے والے آسڑیلیا کے تیسرے اور کل ملاکر ساتویں بلے باز بنے۔
عالمی کپ کے فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے کلائیو لائیڈ تھے جنہوں نے آسڑیلیا کے خلاف لارڈز میں21 جون1975 کو ہوئے فائنل میچ میں108 منٹ میں85 گیندوں پر12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے102 رنز بنائے تھے۔ یہ فائنل ویسٹ انڈیز نے17 رنز سے جیتا تھا اور پہلا عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔
ویسٹ انڈیز نے1979 میں جو دوسری مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا تو لارڈز میں23 جون 1979 کو ہوئے فائنل میں ووین رچرڈز نے سنچری بنائی تھی۔ وہ207 منٹ میں157 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے138 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے۔ویسٹ انڈیز نے 92 رنز سے فائنل میں کامیابی حاصل کی تھی اور لگاتار دوسری مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا۔
ان دو عالمی کپ فائنل میچوں کے بعد تین عالمی کپ فائنل میچوں میں کوئی کھلاڑی سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوا تھا۔ لاہور میں17 مارچ1996 کو ہوئے فائنل میں سری لنکا کے اروندا ڈی سلوا آسڑیلیا کے خلاف سنچری بناکر اپنی ٹیم کو پہلی مرتبہ عالمی کپ دلانے میں کامیاب رہے تھے۔ اروندا ڈی سلوا نے176 منٹ میں124 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر107 رنزبنائے تھے۔ سری لنکا نے یہ فائنل میچ سات وکٹ سے جیتا تھا۔
بھارت کے خلاف جوہانسبرگ میں23 مارچ2003 کو ہوئے فائنل میچ میں آسڑیلیا کے کپتان ریکی پونٹنگ نے 138 منٹ میں 121 بالوں پر چار چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر140 رنز بنائے تھے اور اپنی ٹیم کی 125 رنز کی جیت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔ آسڑیلیا نے تب تیسری مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا۔
آسڑیلیا کے ایڈم گلکرسٹ کو عالمی کپ فائنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف برج ٹاون میں28 اپریل2007 کو ہوئے میچ میں129 منٹ میں104 گیندوں پر 13 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے149 رنزبنائے تھے۔ آسڑیلیا نے ڈکورٹھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت سری لنکا کو 53 رنز سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا۔
سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ایسے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے فائنل میں سنچری تو بنائی مگر انکی ٹیم عالمی کپ نہیں جیت سکی۔ بھارت کے خلاف ممبئی میں2, اپریل2011 کو ہوئے فائنل میں انہوں نے159 منٹ میں88 بالوں پر13 چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر103 رنزبنائے تھے۔ اس فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو چھ وکٹ سے شکست دیکر دوسری مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا۔