مزید خبریں

آزاد فلسطینی ریاست مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ غزہ پر مسلسل اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں افراد کی شہادت عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک، اقوام متحدہ سمیت امن کے علمبردار ممالک کی بے حسی اور بے چارگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خاموش تماشی بننے کے بجائے اپنی ذمے داری ادا کرے۔ اسرائیل نے ظلم و ستم کی تمام حدود عبور کر لیں ہیں۔مسلم ممالک کو کفار کا مقابلہ کرنے کے لیے متحدہونا پڑے گا،اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔ اگر آج امت مسلمہ نے یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا اور فلسطینیوں کی مدد نہ کی تو تاریخ معاف کرے گی اور نہ ہی دیگر مسلم ممالک اسرائیل اور امریکہ کی شر انگیزیوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین سے ہمدردی رکھنے والے ممالک اور بالخصوص مسلم ممالک کی طرف سے نہ صرف اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جانا چاہئے بلکہ اسرائیلی سفیروں کو بھی ملک بدر کیا جائے۔ثابت ہو گیا ہے کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جس نے فلسطینیوں کی سر زمین پر قبضہ کر کے ان کا قتل عام کیا ہے۔