مزید خبریں

الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنائے، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے لاہور میں غزہ مارچ کی کامیابی پر کارکنان، ذمہ داران اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو محب وطن قیادت کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف جماعت اسلامی فراہم کر سکتی ہے۔ جماعت اسلامی جب بر سر اقتدار آئے گی تو امریکی غلامی سے نجات دلائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک کے اندر منتخب حکومت بر سر اقتدار نہیں آئے گی اس وقت تک اضطراب اور افراتفری کی صورتحال پر قابو نہیں پایا جا سکتا، مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنائے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے صرف انتقامی سیاسی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔خوشحال مستقبل کے لیے سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے۔ ملک کو جتنا نقصان انتقامی سیاست نے پہنچایا ہے اتنا کسی اور چیز نے نہیں پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سیاستدانوں سمیت تمام اسٹک ہولڈرز کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت عوام کی زندگی کو مسلسل اجیرن بنا رہی ہے،مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے، اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ترین ہو جائے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلیے سیاسی اختلافات کو بھلا کرقومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ قوم بار بار شعبدہ بازوں کو آزمانے کی بجائے ان کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کروائیں۔ ہم اقتدار میں آکر ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔