مزید خبریں

آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافے کی مذمت کرتے ہیں، جاوید قصوری

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت میں ظالمانہ اضافہ کر کے حکومت نے عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1399روپے ہو چکی ہے۔حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں تمام حدود کو پامال کر دیا ہے۔25کروڑ عوام کا کوئی پرسان حال اور والی وارث نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی 25 عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں رہی سہی کسر حکمرانوں کے ان عاقبت نا اندیش فیصلو ں نے پوری کر دی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے بجلی، گیس، پیٹرول، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔عوام کے خون پسینے کی کمائی حکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں میں لوٹا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم اس وقت نازک دور سے گزر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائی رکھا۔ ان کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ نہیں۔ 24 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے،مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے، اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ترین ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے صرف انتقامی سیاسی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلیے سیاسی اختلافات کو بھلا کرقومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔