مزید خبریں

ورلڈ کپ میں فخر زمان نے پاکستان کی طرف سے سب سے تیز سنچری بنائی

نیوزی لینڈ کے خلاف بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے افتتاحی بلے باز فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 منٹ میں81 گیندوں پر8 چوکوں اور11 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 126 رنز بنائے ۔ اپنی اس اننگ کے دوران بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے63 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جو پاکستان کی جانب سے عالمی کپ میں سب سے تیز اور کل ملاکر مشترکہ طور پر9ویں سب سے تیز سنچری ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس سے پہلے سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ سلیم ملک کے پاس تھا جنہوں نے فیصل آباد میں25 اکتوبر1987 کو ہوئے میچ میں 95 گیندوں پر10 چوکوں کی مدد سے100رنز بنائے تھے۔ انہوں نے 2گیندیں قبل اپنی سنچری مکمل کی تھی۔
ٖفخر زمان کی دھواں دھار بلے باز ی کی بدولت پاکستان نے ڈکورٹھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت نیوزی لینڈ کو21 رنز سے شکست دی۔ اس میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوور میں6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے تھے جو اس کا عالمی کپ میں سب سے زیادہ اور کل ملاکر چھٹا سب سے زیادہ اسکور تھا۔ جب تیز بارش کی وجہ سے دوسری مرتبہ کھیل رکا تو پاکستان نے25.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے۔
فخرزمان نے اپنی آئوٹ ہوئے بغیر126 رنز کی اننگ کے دوران11 چھکے لگائے اور پاکستان کی جانب سے ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر کیا۔ شاہد آٖفریدی نے سری لنکا کے خلاف نیروبی میں4 اکتوبر1996 کو ہوئے میچ میں جب 50 منٹ میں 40 گیندوں پر102 رنز بنائے تھے تو اس میں 8 چوکے اور11 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے37 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی تھی جو تب ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری تھی اب یہ تیسری سب سے تیز سنچری ہے۔ انکے 11چھکے تب ایک اننگ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ تھے۔
فخر زمان عالمی کپ میں ایک اننگ میں11 یا اس سے زیادہ چھکے لگانے والے چوتھے بلے باز بنے۔ انگلینڈ کے ایون مورگن نے افغانستان کے خلاف مانچسٹر میں18 جون2019 کو ہوئے میچ میں اپنی 148 رنز کی اننگ کے دوران17 چھکے جڑے تھے جو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے بھی ہیں۔ویسٹ انڈیز کے کریس گیل نے جب زمبابوے کے خلاف24 فروری2015 کو کنبرا میں215 رنز بنائے تھے تو اس میں16 مرتبہ گیند کو باونڈری لائن سے باہر کی سیر کرئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ویلنگٹن میں 21 مارچ2015 کو جب آئوٹ ہوئے بغیر237 رنز بنائے تھے تو اس میں 11 مرتبہ گیند کو باونڈری لائیں کے باہر کی سیر کرائی تھی۔
پاکستان کی جانب سے اس سے پہلے عالمی کپ میں کی ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ عمران نذیر کے پاس تھا جنہوں نے زمبابوے کے خلاف کنگسٹن میں21 مارچ2007 کو ہوئے میچ میں اپنی201 منٹ میں121 گیندوں پر160 رنزکی اننگ میں14 چوکے اور8 چھکے مارے تھے۔