مزید خبریں

پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

کولکتہ(سید وزیر علی قادری)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو بہ آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں خود کو شامل رکھا ہے۔کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔محمود اللہ 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان نے بنگلادیش کا 205 رنز کا ہدف با آسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے۔بنگلادیش کے خلاف جیت پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے جبکہ ، پاکستان کے خلاف شکست کے بعد بنگلادیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔پاکستان اور بنگلادیش نے اب تک ورلڈکپ میں 7 میچز کھیلے ہیں، پاکستان کو 3 میں کامیابی ملی جبکہ بنگلادیش صرف ایک میچ جیت سکا ہے۔دوسری جانب پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنے بقیہ 2 میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے 2، افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک ،ایک وکٹ لی۔ بنگلادیش کے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے درمیان شاندار 128 رنز کی شراکت داری بنی۔تاہم پھر عبداللہ 69 گیندوں پر 68 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 16 گیندوں پر 9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ فخر زمان 74 گیندوں پر شاندار 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 26 اور افتخار احمد 17 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف 32.3 اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔ بنگلادیش کے مہیدی حسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاندار بیٹنگ کرنے پر پاکستان کے فخر زمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق بھارت پہلے ، جنوبی افریقا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں پوزیشن پر آگیا ۔واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔