مزید خبریں

بلوچستان سے اب تک 14 ہزار تارکین وطن واپس جاچکے ہیں

 

کوئٹہ( این این آئی) نگراں وزیر داخلہ بلوچستان زبیر جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے اب تک 14 ہزار تارکین وطن رضاکارانہ طور پر واپس جاچکے ہیں ،یکم نومبر 2023 سے غیر قانونی تارکین وطن کو ہر صورت نکالا جائیگا،ہمارا ٹارگٹ صرف افغانستان کے لوگ نہیں ، عوام غیر قانونی مہاجرین کی نشاندہی کریں،تارکین وطن کے حوالے سے جیو فینسنگ کرینگے،وڈھ سے لیکر کوئٹہ تک بی این پی کے لانگ مارچ کو مکمل طورپر سیکورٹی دی گئی تھی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان میں غیر قانونی طورپر مقیم تارکین وطن کے پاس اپنے وطن واپس جا نے کے لئے یکم نومبر 2023تک کا وقت ہے ، بہت سے تارکین وطن اب تک اپنے وطن واپس جا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان میں آباد تمام تارکین وطن ہمارے بہن بھائی ہیں اور ہمارے لئے قابل احترام اور قابل شفقت ہیں نگراں حکومت بلو چستان نے تارکین وطن کو انکے وطن واپس بھیجنے کے لئے پلا ن ترتیب دے دیا ہے یکم نومبر 2023کے بعد اس پر عملدر آمد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام سوشل میڈیا پر ہو نے والے پروپیگنڈوں پر کان دھریں ہمارا ٹارگٹ افغانستا ن نہیں ہے ، افغانی ہمارے بھائی ہیں لیکن غیر قانونی طوپر مقیم تارکین وطن کو انکے ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر عملدر آمد کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نگراں وفا قی وزیر داخلہ سر فراز بگٹی نے کہا کہ تارکین وطن کو اپنے ساتھ 50ہزارسے زائدرقم لے جا نے کی اجازت نہیں ہو گی اگر کوئی غیر قانونی طورپر کوئی قدم اٹھایا گیا تو اسکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عید میلا النبی کے موقع پر ایک بڑا سانحہ پیش آیا جو ہم سب کے لئے باعث صدمہ تھاکوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے دفعہ 144نافذ کی گئی تھی،وڈھ سے لیکر کوئٹہ تک بی این پی کے لانگ مارچ کو مکمل طورپر سیکورٹی دی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت کا کام صاف و شفاف الیکشن کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نگراں وزیر اعلیٰ بلو چستان میر علی مردان ڈومکی سمیت تمام کا بینہ کام کر نے کے لئے آئی ہے اور ہماری نیت صاف ہے ، جہاں کہیں بھی امن وامان کی صوتحال پر بات آئے گی تو ہم اپنا کردار ضرور ادا کریں گے ، نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ امن و امان ہماری ترجیحات میں شامل ہے اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔