مزید خبریں

۔75 برس میں ملک کو استحکام وقار اورخودمختاری نہیں مل سکی

فیصل آبا(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں نے وطن عزیزپرمن پسند قیادت مسلط کرنے کے لئے بھٹو، نواز، بے نظیر اور عمران خان پر 75 سال لگادیے لیکن ملک کو استحکام، وقار اور خودمختاری نہیں مل سکی۔ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے اقتدار دینے اور لینے کے تمام تجربات ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ملکی استحکامِ پاکستان اورعوام کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ25کروڑ عوام پر اعتماد کیا جائے اورملک پرمسلط بے اعتمادی ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے مافیا نے پاکستان کو یرغمال بنایاہواہے ۔ یہ سیاستدان نہیں لٹیروں کا ٹولہ ہے ۔ یہ لوگ پارٹیاں اور جھنڈے بدلتے ہیں مگر اپنے کرتوت بدلنے کو تیار نہیں ۔ پارٹیاں بدل بدل کر اقتدار پر قابض ہونے والے ٹولے نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا اور اداروں کو تباہ کیا ۔عوام کو ان سیاسی پنڈتوں اور معاشی دہشتگردو ں کا محاسبہ کرنا ہوگا ۔ عوام کو تعلیم ، صحت ، روزگار اور چھت کی سہولت دینا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن75سال سے اقتدار پرمسلط ٹولے نے اس ذمہ داری کو ادانہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہقرض لے کر قرض اُتارنے کی پالیسی سے ملک زنجیروں میں جکڑا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی اورپی ڈی ایم کے بعد نگران حکومت کی معاشی ٹیم بھی ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو معاشی بدحالی سے نہیں نکال سکتا۔انہوں نے کہا کہ شرح سُود بڑھاکر مہنگائی پر قابو پانے کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ آئی ایم ایف کی ہر شرط کو آنکھیں بند کرکے ماننا انتہائی بھیانک اور تاریک مستقبل کی طرف پیش رفت ہے۔ شرح سُود کے اضافہ سے ملکی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ خودانحصاری، غیرترقیاتی اخراجات میں 50 فیصد کمی اور اپنی قوم اور وسائل پر اعتماد اور اسلامی معاشی نظام ہی موجودہ بحران کا حل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر قوم کرپشن سے پاک پاکستان دیکھنا چاہتی ہے تو پھر اسے جماعت اسلامی کا ساتھ دیناہوگا ۔