مزید خبریں

عالمی برادری کو غزہ کا ظلم کیوں نظر نہیں آرہا ہے ؟جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 4700سے تجاوز کر گئی ہے،16ہزار افراد زخمی ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار این جی اوز کو غزہ میں معصوم بچوں پر ہونے والا ظلم نظر نہیں آرہا۔ 1800سے زائد بچے شہید کر دیے گئے ہیں،مگر اسرائیلی وحشانہ پن کا خاتمہ نہیں ہو رہا۔ اسرائیل ایک نا جائزہ ریاست ہے اور فلسطینیوں کو اپنی زمین کا دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حملوں میں اب تک ایک لاکھ 64ہزار 756رہائشی عمارتیں تباہ،31مساجد،205اسکولزاور 24اسپتال شامل ہیں۔10لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔اسرائیلی جارحیت میں اقوام متحدہ کے 31اہلکاربھی مر چکے ہیں۔ اسرائیل امدادی قافلوں پر بمباری کر کے عالمی جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ دنیا آخر کب اسرائیل کے ظلم و ستم کے خلاف پوری قوت سے آواز اٹھائی گی؟۔انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا جس انداز میں تعصبانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے اور یکطرفہ رپورٹنگ کر رہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے فاسفورس بموں کی بارش کی جا رہی ہے مگر تعصب کے شکار میڈیا کو یہ نظر نہیں آرہا۔ صیہو نی فوج کی طرف سے رفاہ کی راہداری،اسکولوں، اسپتالوں، رہائشی آبادیوں،میڈیا دفاتر اور پانی سپلائی لائن پر بمباری کی جا رہی ہے۔ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے۔ غزہ کی ناکہ بندی سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ خاموش تماشی بننے کے بجائے اپنی ذمے داری ادا کرے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان فلسطین کی آزادی کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔ اگر آج امت مسلمہ نے یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا اور فلسطینیوں کی مدد نہ کی تو تاریخ معاف کرے گی اور نہ ہی دیگر مسلم ممالک اسرائیل اور امریکا کی شر انگیزیوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔مسلم ممالک کی طرف سے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔