مزید خبریں

انتظامیہ کو سی بی اے نے ڈیمانڈ پیش کردیEOBIـ

ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کے اسٹاف ملازمین کی ملک گیر تنظیم، EOBI ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان (CBA) نے 12 اکتوبر کو انتظامیہ کو ایک 15 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا ہے۔ EOBI کے اسٹاف ملازمین کے قائد اور CBA کے جنرل سیکرٹری سید مبشر رضی جعفری نے اپنے دستخط کرکے انڈسٹریل ریلیشن ایکٹ 2012 کی دفعہ 35(1) کے تحت پیش کردہ اپنے 15 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ برائے مالی سال 2023-2024 میں ادارے کے اسٹاف ملازمین کے لیے سن کوٹہ اور وزیر اعظم پیکیج کے نفاذ، اسٹاف ملازمین کی جائز ترقیاں ، اپ گریڈیشن ، جاب اسائنمنٹ ، نظر ثانی شدہ پے اسکیل اور اسپیشل الاؤنس میں اضافہ، الاؤنسز کی مد میں ہاؤس رینٹ الاؤنس، کنوینس الاؤنس ، کیش ہینڈلنگ الاؤنس ، آؤٹ ڈور ڈیوٹی الاؤنس ، واشنگ الاؤنس ، ڈریس الاؤنس ، ونٹر الاؤنس ، ایکسٹرا ڈیوٹی الاؤنس/ لیٹ سٹنگ الاؤنس ، یوٹیلیٹی الاؤنس ، چلڈرن ایجوکیشن الاؤنس، ٹی کوپن الاؤنس ، ڈیتھ گرانٹ/ تدفین کے اخراجات ، میرج گرانٹ ، لون اور ایڈوانسز، والدین کے لئے اسپتال میں علاج و معالجہ کی سہولیات ، ٹریول ایکسپینسز، سالانہ بونس، لیو رولز ، حج بیت اللہ پالیسی ، اسپورٹس کلب اور متفرقات کو شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ EOBI میں ابتداء ہی سے اسٹاف ملازمین کی ایک فعال تنظیم EOBI ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان قائم ہے۔ جو EOBI کے قیام کے مقاصد کی تکمیل، پنشن فنڈ کی نگرانی اور حفاظت اور ادارے کے اسٹاف ملازمین کی شرائط ملازمت پر عملدرآمد اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ اگرچہ آئین پاکستان کی دفعہ 17 کے تحت ملازمین کو اپنے اداروں میں اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے انجمن سازی کا بنیادی حق حاصل ہے بلکہ اس دفعہ میں ان کا اجتماعی سودے کارے کا حق بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ماضی میں مختلف ادوار میں EOBI کی انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے اپنے پس پردہ مقاصد کے تحت EOBI میں ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان پر پابندی عائد کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی گئیں۔ لیکن الحمدللہ EOBI ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کی طویل قانونی جدوجہد کے نتیجے میں NIRC، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان نے EOBI میں ٹریڈ یونین کی بحالی کے حق میں فیصلے صادر کئے۔ EOBI جیسے فلاحی ادارے میں ماضی میں بورڈ آف ٹرسٹیز میں بیٹھے طاقتور ارکان اور ادارہ کے چیئرمین اور دیگر کلیدی مناصب پر فائز بدعنوان عناصر اور کالی بھیڑوں کی جانب سے 400 غیر قانونی بھرتیوں کے خاتمے اور نام نہاد سرمایہ کاری کے نام پر 40 ارب روپے کے میگا لینڈ اسکینڈل کو طشت از بام کرنے اور اس پر سپریم کورٹ آف پاکستان میں ازخود نوٹس اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے پنشن فنڈ کو ان بد دیانت عناصر کی دسترس سے بچانے میں EOBI ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کا کلیدی کردار رہا ہے۔ حال ہی میں نیشنل انڈسٹریل کمیشن (NIRC) اسلام آباد نے 26 جنوری 2023 کو EOBI میں CBA کے تعین کے لیے ایک ملک گیر ریفرنڈم کا انعقاد کیا تھا جس میں الحمدللہ EOBI ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان نے واضح طور پر کامیابی حاصل کی تھی اور بعد ازاں NIRC نے EOBI ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کو CBA سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا تھا۔ امید ہے کہ انتظامیہ جلد ہی EOBI کے ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے ساتھ چارٹر آف ڈیمانڈ پر گفت و شنید کا آغاز کرے گی۔