مزید خبریں

پڈعیدن : گھریلو تنازع پر شادی شدہ خاتون کی خودکشی

پڈعیدن (جسارت نیوز) نصرت کینال کے کنارے جھونپڑی میں رہنے والی شادی شدہ خاتون مسمات ماروی زوجہ وسیم شر نے معمولی تنازع پر زہریلی دوا پی کر مبینہ خودکشی کرلی، واقعے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ متوفی ماروی شر کے شوہر نے میڈیا کو بتایا کہ گھر میں معمولی تنازع پر ماروی نے گھر میں رکھی زہریلی دوا پی کر خودکشی کی ہے، ایک سال قبل شادی ہوئی اور کوئی اولاد نہیں تھی،گزشتہ سیلاب اور بارشوں کے باعث ہمارا گھر بار تباہ ہو گیا تھا، انتہائی مجبوری میں نصرت کینال کے کنارے جھونپڑی میں رہنے پر مجبور ہیں۔ متوفی کی ماں جنتی بی بی نے بتایا کہ ہمیں پڑوسیوں سے پتا چلاکہ ہماری بیٹی نے خودکشی کرلی ہے، ہمیں یقین نہیں کہ بیٹی خودکشی کرسکتی ہے، واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ، پولیس ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر جلد اصل حقائق سامنے لائیں گے۔