مزید خبریں

افسران ذات سے بڑھ کر آگے کا سوچیں، خالد شاہ

سجاول (جسارت نیوز) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد خالد حیدر شاہ نے تمام متعلقہ افسران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدگی سے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے اور آپ کے ادارے ہیں، اپنی ذات سے بڑھ کر آگے سوچیں اور اپنے اداروں کو خود سنبھالیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابات کے انعقاد کے انتظامات، بجلی چوری کے خلاف ڈویژنل انفورسمنٹ کمیٹی کی کارکردگی، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی سرگرمیوں، زیر التوا عدالتی معاملات اور ترقیاتی اسکیموں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے متعلق دربار ہال میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عبدالواجد شیخ، ایس ایس پی شہلا قریشی، محکمہ تعلیم، صحت، حیسکو، الیکشن کمیشن، روینیو، ایجوکیشن ورکس، پبلک ہیلتھ، ڈرینیج، اطلاعات، لوکل گورنمنٹ، زراعت، پی پی ایچ آئی، ڈرینیج و دیگر مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد خالد حیدر شاہ نے محکمہ ایجوکیشن ورکس کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ضلع کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے لیے مقرر اسکولوں میں پینے کے پانی، بجلی، واش رومز و دیگر تمام مطلوبہ سہولیات کی موجودگی سمیت خستہ حال عمارتوں کی مرمت اور تذئین و آرائش کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے تاکہ انتخابات کے دوران پولنگ عملے اور ووٹرز کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔