مزید خبریں

پاکستان کا نیدرلینڈز کو شکست دیکر عالمی کپ میں فاتحانہ آغاز

احمد آباد ( سید وزیر علی قادری) آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو با آسانی 81 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔پاکستان کے 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بیس ڈی لیڈا 67 اور وکرم جیت سنگھ 52 رنز بناکر نمایاں بلے بازرہے۔نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی سرزمین پر نئی تاریخ رقم ہوئی کیوں کہ پاکستان نے بھارت میں پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ کا میچ جیتا ہے۔اس سے قبل پاکستان نے بھارتی سر زمین پر ون ڈے ورلڈکپ کے 2 میچز کھیلے تھے اور دونوں میچز میں ہی گرین شرٹس کو شکست ہوئی تھی۔1996ء کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو بنگلور میں بھارت نے ہرایا تھا جبکہ 2011 ء کے سیمی فائنل میں پاکستان کو موہالی کے مقام پر بھارت سے شکست ہوئی تھی۔راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم 49 اوورز میں 286 رنز پرآؤٹ ہوگئی۔سعود شکیل اور محمد رضوان 68،68 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغازاو پنر با فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم پاکستانی بلے باز اننگز کے آغاز سے نیدرلینڈز کے بولرز کا سامنا کرنے میں مشکل کا شکار رہے ، فخر زمان 12، کپتان بابر اعظم 5 اور امام الحق 15 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوگئے۔قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور 100 رنزسے اوپر تک پہنچایا۔سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی( نصف سنچری) اسکور کی۔انہوں نے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز(نصف سنچری) مکمل کیے تاہم کھیل کے 29 ویں اوور میں سعود شکیل 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد 182 رنز پر پاکستان کی5ویں وکٹ بھی گرگئی، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 75 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، علاوہ ازیں محمد افتخار بھی 9 رنز پر آئوٹ ہوئے جبکہ شاداب خان بھی 32 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔اس کے بعد محمد نواز نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن علی صفر پرآئوٹ ہوئے، اختتامی اوورز میں حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے اسکور کو 286 رنز تک پہنچایاتاہم پھر حارث 16 رنز بناکر اسٹمپ ہوگئے، پاکستان ٹیم 49 اوورز میں 286 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شاہین 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔نیدرلینڈز کی جانب سے بیس ڈی لیڈا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایکرمین نے 2 ، آریان دت،لوگن وین بیک اور پال وین میکرین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کا آغاز محتاط رہا تاہم اس کی پہلی وکٹ 28 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر میکس او ڈوڈ 5 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد کولن ایکر مین 17 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔نیدرلینڈز کو تیسرا نقصان سیٹ بلے بازوکرم جیت سنگھ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 52 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے، اس کے بعد نئے آنے والے بلے باز تیجا ندامانورو صرف 5 رنز اور پھر اسکاٹ ایڈورڈز صفر پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔علاوہ ازیں ثاقب ذوالفقار 10 رنز بناکر شاہین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔نیدرلینڈز کو7واں نقصان سیٹ بلے باز بیس ڈی لیڈا کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ محمد نواز کی گیند پر 67 رنز پر بولڈ ہوگئے۔اس کے علاوہ وین بیک نے 28 اور وین دیر میروی نے 4 اور رنز بنائے اور پال وین میکرین نے 7 رنز بنائے، یوں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 41 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 اور حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ ، افتخار احمد، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دریںاثنا پاکستان سے شائقین کرکٹ اور صحافی ہنوز ویزہ حاصل نہ کرسکے۔ بھارتی حکومت نے ابھی تک پالیسی کا اعلان نہیں کیا جس پر صحافیوں اور شائقین کرکٹ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔