مزید خبریں

سودی معیشت سے نجات حاصل کرنا ہوگی،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ 6ماہ کے دوران قومی ائر لائن پی آئی اے کو 60ارب روپے اورگیس کے شعبہ کو روزانہ ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے۔جو کہ حکمرانوں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پاکستان کا موجودہ معاشی ڈھانچہ مہنگائی اور غربت میں کمی کرنے کے بجائے اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ سودی معیشت سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے تمام میگا اسکینڈلز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔جب تک کرپٹ افراد کا مکمل قلع قمع نہیں ہو جاتا اس وقت تک پاکستان کی معیشت ٹھیک اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی نہیں آسکتی۔ اداروں میں کرپشن کی ایسی داستانیں منظر عام پر آرہی ہیں کہ سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی زندگی کو مسلسل اجیرن بنا رہی ہے،مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے، اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے صرف انتقامی سیاسی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔انہوں نے عوام کی موجودہ حالت زار کا ذمے دار پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلیے سیاسی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے۔اس وقت ساڑھے نو کروڑ افراد سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس قابلیت، اہلیت، صلاحیت کے ساتھ ساتھ ترجیحات کی کمی اور وژن کا فقدان ہے۔یوں لگتا ہے کہ جیسے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے لا تعلق ہو چکی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی کی چکی سے نکال کر لوگوں کی زندگیوں میں آسودگی لانا چاہتی ہے۔ ہمارا ایجنڈا ہے کہ ہر شخص کو ریلیف ملے۔