مزید خبریں

پاکستان فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے نگران وزیر خارجہ جیل عباس جیلانی کے بیان’’اسرائیل سے تعلقات کا فیصلہ ملکی مفاد میں کریں گے‘‘ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرے۔پس پردہ کیا ہو رہا ہے۔؟ پاکستان ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ نگران حکومت یاد رکھے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔قوم اس حوالے سے نرم گوشہ رکھنے والوں کو بھی اسرائیل کے ساتھ اٹھا کر باہر پھینکے گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن کو خراب کرنے میں اسرائیل، بھارت اور امریکہ کا ہاتھ ہے۔ تینوں نے پاکستان، کشمیر، افغانستان ، عراق، ویت نام،میں مجموعی طور پر لاکھوں افراد کو قتل کیا ہے اور دنیا کے ہر ملک میں دہشت گردی کو پروموٹ کیا ہے۔آج بھی دنیا دہشت گردی سے نبرد آزما ہے۔ جب تک یہ شیطانی اتحاد قائم رہے گا اس وقت تک امن کو خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ1947میں پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا بد قسمتی سے اس میں آج بھی انگریزوں کے غلام ابن غلام افراد ہی حکمران ہیں۔یہ لوگ حکومت تو یہاں کرتے ہیں مگر ان کی ڈوریاں کہیں اور سے ہلائی جاتی ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم ان کی حقیقت کو سمجھے اور ان ظالموں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مسترد کرے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ماضی میں بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں منظر عام پر آتی رہی ہیں۔الحمدللہ اس وقت بھی 25کروڑ عوام نے ان سازشوں کو ناکام بنادیا تھا اور آج بھی یہ سازشی عناصر بے مراد ہی رہیں گے۔ پاکستانی غیور قوم ہے۔ بیت الاول کا تقدس پامال اور نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کرنے والوں کے ساتھ کبھی تعلقات استوار نہیں کریں گے۔