مزید خبریں

میرپورخاص، ٹائون میونسپل کارپوریشن کی نااہلی جاری

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ٹائون میونسپل کارپوریشن کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کی وجہ سے مرنے کے بعد بھی سکون نہ ملا، بخاری ٹائون میں خاتون کا انتقال ہو گیا سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے جنازے کو ٹریکٹر ٹرالی میں لے جانا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن میرپور خاص کے ٹائون میونسپل کارپوریشن سید خادم علی شاہ کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث یوسی 5 کے وارڈ 2 بخاری ٹاؤن میں 5 روز سے کھڑے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی تاہم گندا پانی مسلسل کھڑا ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے علاقہ میں مچھروں کی افزائش سے علاقہ مکین ملیریا سمیت جلد کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں نکاسی آب نہ ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کو پیدل چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے بچے اسکول بھی نہیں جا سکتے گزشتہ روز بخاری ٹائون میں ایک خاتون کا انتقال ہو گیا علاقے میں بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے جنازے کو کندھوں پر لے جانا ناممکن ہو گیا جس کے بعد ٹریکٹر ٹرالی منگوا کر جنازے کو قبرستان لے جایا گیا جش میلاد النبی کی آمد آمد ہے سڑک گندے پانی سے بھری ہونے کی وجہ سے میلاد ریلی بھی نہیں نکالی جا سکتی علاقے کے رہائشیوں کے مطابق یوسی اور ٹاؤن انتظامیہ کو بار بار آگاہ کرنے کے باوجود علاقے سے بارش کے پانی کی نکاسی نہیں کی گئی جو کہ سراسر زیادتی ہے ۔انہوں نے کارپوریشن سمیت حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ علاقے میں کھڑے بارش کے پانی کو فوری طور پر نکالا جائے بصورت دیگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔