مزید خبریں

ڈالر سستا ہونے کے اثرات عوام تک منتقل کیے جائیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ڈالر سستا ہونے کے اثرات عوام تک منتقل کیے جائیں۔ ڈالر سستا ہونے کے باوجود اشیا کی قیمتیں اور مہنگائی کم نہیںہورہی جو حیران کن ہے۔ ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں اضافہ کے باوجود کچھ سستا نہیں ہو رہا ہے جس سے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو ریلیف نہیں مل سکے ۔ ڈالر چند روپے مہنگا ہوتو آٹا، چینی، گھی سمیت دیگر اشیا ضروریہ مہنگی ہوجاتی ہے جبکہ گزشتہ پندرہ دن سے ڈالر سستا ہورہا ہے کسی چیز کی قیمت میں کمی نہیں پائی جارہی جس کا فوری نوٹس لیا جائے۔ ملک میں عام آدمی کیلیے مہنگائی کی وجہ سے جسم وجان کا رشتہ قائم رکھنا مشکل ہوگیا۔بدترین معاشی حالات میں بھی اشرافیہ کا سرکاری خزانے پر شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ جاری ہے جبکہ بجا ٹیکسیز کے ذریعے غریبوں کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔امیر لاہور نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ اشرافیہ سے اربوں روپے کی مراعات واپس لی جائیں۔ پیٹرول، بجلی، گیس پر گزشتہ پانچ سال سے کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔ آٹا، دالیں، گھی، چینی اور اشیا ضروریہ سمیت ادویات کی قیمتیں سو فیصد کم کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف میسر آسکے۔ ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ موجودہ بوسیدہ گلاسڑا نظام جس نے غریب عوام، مزدوروں، کسانوں کی زندگی کو تلخ ہی نہیں کیا اُن سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اس نظام کے خلاف صرف جماعت اسلامی میدان عمل میں ہے عوام اس فیصلہ کن جدوجہد میں جماعت اسلامی کی دیانتدار، خدمت گار قیادت کا ساتھ بھی دے۔