مزید خبریں

عام انتخابات موجودہ ووٹر لسٹوں پر ہوں گے ،الیکشن کمیشن

اسلام آباد/کراچی(نمائندہ جسارت+ اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آٖ پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات موجودہ ووٹر لسٹوں پر ہوں گے، ان ووٹر لسٹوں میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جا سکے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا، الیکشن کمیشن آج ابتدائی حلقہ بندیوں کی منظوری دے گا جس کی فہرست 27 ستمبر کو جاری ہوگی۔نئی حلقہ بندیوں میں بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی
اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رکھی جارہی ہیں، الیکشن کمیشن کی حلقہ بندی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام مکمل کر لیا ہے۔جاری کردہ بیان میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں حلقہ بندیوں پر کام تیزی سے جاری ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی منظوری کے بعد ابتدائی حلقوں کی فہرست جاری ہوگی جبکہ ان حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر تا 27 اکتوبر دائر ہوسکیں گے جنہیں کمیشن 26 نومبر تک نمٹائے گا اور حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں 5 نومبر کو چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے ضمنی انتخابات ہوں گے،کمیٹیز،کونسلرز اور کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کااعلان 20 اکتوبرکو ہوگا۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان مراد بھی ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ کراچی کی 4 خالی نشستوں پر چیئرمین کے ضمنی انتخاب ہوں گے، ٹی ایم سی گڈاپ کی یوسی7 اور یوسی 8 ابراہیم حیدری پر چیئرمین کے ضمنی انتخاب ہونے ہیں،یوسی 13 ٹی ایم سی صدر اور یوسی 3 ٹی ایم سی ماڑی پور پر بھی چیئرمین کے ضمنی انتخاب ہونے ہیں۔چیئرمین کی یہ چاروں نشستیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین کے استعفوں کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے تحت 5 نومبر کو 74 براہ راست نشستوں پر انتخابات ہوں گے جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو 812 مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے 4 اور مجموعی طور پر سندھ کے 21 اضلاع میں 9 چیئرمین، 16 وائس چیئرمین، 8 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل اور 41 جنرل ممبرز کی نشستوں کے لیے امیدوار 5 سے 7 اکتوبر 2023 ء تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ علاوہ ازیں 11 اکتوبر تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی، 16 تک اکتوبر ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کی جاسکے گی، 19 اکتوبر تک ان اپیلوں پر فیصلے ہوںگے، امیدواروں کی دستبرداری کے لیے 21 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، 22 تاریخ کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ 5 نومبر کو ان نشستوں پر صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ ہوگی جبکہ 8 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نتائج کا اعلان کرے گا۔بلدیاتی ایکٹ کے تحت اس انتخابات میں میئر اور ڈپٹی میئر کراچی اور ڈپٹی میئر سکھر کو بھی انتخابات میں حصہ لینا ہے۔ دوسری جانب یونین کونسلز اور یونین کمیٹیوں کی مخصوص نشستوں پر 19 اکتوبر جبکہ کونسلز، کمیٹیز اور کارپوریشنز کی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان 20 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ دونوں کیٹگریز کی مخصوص نشستوں کے لیے پبلک نوٹس 2 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔ ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران متعلقہ ڈویژن اور اضلاع میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان، فنڈز کے اجرا، تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی ہوگی،الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر ہفتہ وار تعطیلات میں بھی کھلے رہیں گے۔