مزید خبریں

پنجاب بیدار ہو گا تو پاکستان بیدار ہو گا،سردارظفر حسین

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خاں نے پنجاب کے عوام کو گورنر ہائوس لاہور کے سامنے ہونے والے تین روزہ پرامن دھرنے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب بیدار ہو گا تو پاکستان بیدار ہو گا، آئی ایم ایف کی ہتھکڑیوں کو توڑنے اور غلامی سے نجات کا وقت آ گیا۔ وقت کاتقاضہ ہے کہ قوم متحد ہو کر جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے نام نہاد جمہوری حکومتوں اور مارشل لا کے تجربات کو آزما لیا، ہر تجربہ ناکام ہوا، ہم سے بعد میں آزاد ہونے والے ملک کہیں آگے نکل گئے، ملک پر قابض حکمرانوں نے سالہاسال عالمی اسٹیبلشمنٹ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی تابعداری کی، آئین پر عمل درآمدکی بجائے استعمار کے احکامات کو سرتسلیم خم کیا۔۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں نے عوام کی بجائے اپنے اور مافیا کے مفاد میں کام کیا۔ ملک میں سستی بجلی پیدا کرنے کے وافر ذرائع موجود ہونے کے باوجود درآمدی فیول کے کارخانے لگائے گئے۔ حکومت نے مہنگے معاہدے کیے جن کی سزا غریب بھگت رہے ہیں ۔انہوں نے کہ مافیاز حکمران جماعتوں کا حصہ ہیں اور انھوں نے ہر بحران سے فائدہ اٹھایا، ہر تباہی کے پیچھے اس گروہ کا ہاتھ ہوتا ہے۔ چینی، آٹا کی قلت یا ادویات کا بحران آئے، کرپٹ مافیا اربوں کماتا ہے اور غریب بلک بلک کر مر جاتا ہے، ان لوگوں پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالا۔ جہاں ایک طرف پاکستان میں کروڑوں لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، وہاں حکمران اشرافیہ اور مافیا کے گھروں سے ڈالر برآمد ہو رہے ہیں۔