مزید خبریں

لاہور ،جماعت اسلامی کی گورنر ہائوس دھرنے کی تیاریاں عروج پر

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی زیر صدارت صوبائی دفتر منصورہ میں 21تا23 ستمبر کو گورنر ہاوس لاہور کے باہر ہونے والے عوامی دھرنے کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عوام مہنگائی سے بلبلا اٹھے ہیں۔ مہنگائی نے عوام کے لیے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ترین مرحلہ بنا دیا ہے۔، نوجوان بے روزگار ہو کر جرائم کی دنیا میں جا رہے ہیں، ہر شخص پریشان ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت چاند پر پہنچ گیا جبکہ ہمارے حکمرانوں کی عیاشیاں ہی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ جان لیوا مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف صرف اور صرف جماعت اسلامی میدان میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پور ی قوم کی نگاہیں نئے آنے والے چیف جسٹس آف پاکستان پر ہیں۔ ملک میں نظم کے نظام کا خاتمہ اور مافیا کو لگام ڈالنی ہو گی۔ چف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ظلم کے نظام کے خاتمہ کے لیے عدل کا ترازو بلند کریں گے۔ ملک و قوم کو اچھے، ایماندار لوگوں کی تلاش ہے۔ہر شعبہ میں مخلص لوگ اورمحب وطن قیادت ہی پاکستان کو درپیش مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے بھی لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نا دہندہ ہیں۔واسا 7 ارب، ٹاون میونسپل اتھارٹی 3 ارب،پنجاب ایری گیشن اینڈ پاور ڈپارٹمنٹ 59کروڑ، محکمہ ریلوے 53 کروڑ، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے ذمے 50 کروڑ، لاہور کی ضلعی حکومت 49 کروڑ،محکمہ صحت 42 کروڑ روپے جبکہ محکمہ پولیس کے ذمے 43 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ان سے واجبات ہی وصول کر لیے جائیں تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔ مگر یہ کام حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ملک میں ہوش ربا مہنگائی کی حالیہ لہر اور معاشی بحران کے باعث عوام اب روزمرہ کی ضروریات، جیسے بجلی کے بل، اسکول کی فیس، مکان کا کرایہ اور دیگر اخراجات پورے کرنے میں سخت مشکلات کا شکار ہیں۔صاف شفاف انتخابات ہی پاکستان میں جاری بحران کا حل ہیں۔