مزید خبریں

فیصل آباد،تاجر برادری کا 2 ستمبر کو شٹرڈائون ہڑتال کا اعلان

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)تاجربرادری نے2ستمبر کو فیصل آباد میں بھی مکمل شٹرڈائون کا اعلان کردیا،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ،صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی، تاجر رہنمائوں محمداسلم بھلی،محمدامین بٹ، رانا سکندر اعظم، نصیریوسف وہرہ، محمود رحمانی، رانا سکند ر اعظم،شیخ مشتاق، مزدور رہنمائوںبابالطیف انصاری ، میاں اعجاز حسین،اسلم معراج، رانا عظیم، رانا طاہر ، شفیق رندھاواعلی احمدگورایہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوںنے2ستمبر کو ہونے والی ملک گیر شٹرڈائون ہڑتال کے سلسلے میں چوک گھنٹہ گھر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو بلز میں ہونے والاظالمانہ اضافہ واپس لینا پڑے گا، اگرقوم اب بھی نہ بیدار ہوئی تو آئی ایم ایف کے غلام درغلام حکمران عوام کو بھکاری بنادیں گے۔یہ سیاسی نہیں بلکہ عوامی مسئلہ ہے،پوری قوم کویک زبان ہوکراس مسئلہ پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔کسی کو بجلی کے میٹر کاٹنے نہیں دیں گے۔سابقہ حکمرانوں کے ستائے عوام کو نگران حکومت بھی ریلیف نہیں دے سکی۔حکمران اگرعوام کو ریلیف نہیں دے سکتے توتکلیف بھی نہ دیں ۔ راہنمائوں نے کہا کہ نگران حکومت بھی انہی کے نقش قدم پر چل پڑی ہے۔عوام کی تکلیف کا کسی کوبھی احساس نہیں۔سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ بجلی بلز میں بے رحمانہ اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ اشرافیہ سے مراعات واپس لے کر بجلی سستی کی جائے۔ آئی وی پیز کے ساتھ ناجائز معاہدے ختم کیے جائںن۔ اگلے مرحلے میں اسلام آباد جا کر دہرنے دیں گے۔عوام کو ریلیف ملنے تک تحریک جاری رہے گی۔راہنمائوں نے کہاکہ 13 قسم کے ٹیکسز کے ذریعے ہر مہینے ڈاکہ غریب عوام کی جیبوں پر ڈالا جا رہا ہے ۔پور ے ملک میں بجلی کے بلز میں ہوشربا اضافے کے خلاف صدائے احتجاج بلند ہو رہی ہے ۔صرف غریب آدمی ہی نہیں بلکہ مڈل کلاس سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے ۔ عوام ہمارا ساتھ دیں ،ہم اس ظلم اور استحصالی نظام کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے ۔ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو استعمار کے غلاموں سے نجات دلا کر حقیقی آزادی کی بنیاد رکھی جائے ۔ انہوں نیکہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی ۔جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے۔