مزید خبریں

سعودی عرب: پاکستانی مشن میں”یوم استحصال کشمیر” کی تقاریب کا اہتمام

سعودی عرب میں پاکستانی مشن (ایمبسی ریاض اورقونصلیٹ جدہ) میں “یوم استحصال کشمیر” کی مناسبت سے سادہ مگر پُروقارتقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پراجاگر کرنا، کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کرنا تھا۔ تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریاض سے امتیازاحمد کے مطابق بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات اور فوجی محاصرے کو چار سال گزرنے پرسفیر پاکستان احمد فاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں نے تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پُرعزم ہیں۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائی بہنوں کے حقوق کے لئے ہمیشہ آواز بلند رکھے گا۔ عابد شمعون چاند نے جسارت کے بیوروچیف سید مسرت خلیل سے بتایا کہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا گیا تھا۔ سفارتخانہ کے فرسٹ سیکریٹری ذوالفقارعلی نے صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی کا، سکینڈ سیکریٹری مِس ایمن ندیم نے وزیرآعظم شہبازشریف اورسکینڈ سیکریٹری واحد علی کیانی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا پیغامات پڑھ کر سنائے۔ نظامت کے فرائض ویلفیئر اتاشی نجم نواز ثاقب نے سر انجام دیتے ہوئے آنے والے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ سفیر پاکستان احمد فاروق نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو علاقے میں دہشت گردی سے باز رکھے انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ میں چوتھے “یوم استحصال کشمیر” کی وقارتقریب قونصل جنرل خالد مجید کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ تقریب کا مقصد کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی ہے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک کشمیرکی آزادی کے لیے لڑتے رہیں گے۔ ہم ہر سطح پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ جس میں 5 اگست 2019ء کے بعد غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت کو ختم کیا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت آرٹیکل 370 اے کی منسوخی کرکے بھارت نے جہاں کشمیری قوم کا استحصال کیا ہے وہیں اقوام متحدہ اور جنیوا کنونشن کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے اور کشمیریوں کو بندوق کی نوک تلے یرغمال بنائے ہوئے ہے جبکہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ مسلہ کشمیر کو حل کروانے کے لئے اپنا کردارادا کرے۔ آج کا دن عالمی برادری کو اسکی ذمے داری یاد دلانا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ خالد مجید نے کشمیر کی مستقل حمایت پرسعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مسعود احمد پوری اور جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کےصدرسرداروقاص عنایت کےعلاوہ پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ کے طلباء نے بھی تقاریرکی۔ اس موقع پرکشمیرکے حوالے سے خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی اور ائی ایس پی ار کی طرف سے جاری کردہ نغمہ بھی پیش کیا گیا اورصدرپاکستان، وزیراعظم اوروزیرخارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کرسنائے گئے۔